واشنگٹن:امریکی ایوانِ نمائندگان میں پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی قرارداد مسترد

واشنگٹن (رائٹرز)امریکی ایوانِ نمائندگان نے وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے قرارداد کو 211 کے مقابلے میں 204 ووٹوں سے عدالتی امور کی کمیٹی کو بھیجنے کی منظوری دے دی، جس کے نتیجے میں مواخذے کی کارروائی آگے بڑھانے کی راہ رک گئی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کینٹکی سے تعلق رکھنے والے ری پبلکن رکن کانگریس تھامس میسی نے پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد پیش کی تھی، جس میں ایران جنگ، یمن اور وینزویلا میں فوجی کارروائیوں سمیت 8 الزامات عائد کیے گئے تھے۔ ان میں کانگریس کی منظوری کے بغیر فوجی کارروائیاں کرنے، شہریوں کے تحفظ کے تقاضے نظرانداز کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات بھی شامل تھے۔

ایوان میں قرارداد کو کمیٹی کے سپرد کرنے کی تحریک کے حق میں 211 اور مخالفت میں 204 ووٹ پڑے۔ تھامس میسی واحد ری پبلکن رکن تھے جنہوں نے اپنی جماعت کے بیشتر ارکان کے برعکس اس تحریک کی مخالفت کی، جبکہ 11 ڈیموکریٹ ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

اس فیصلے کے بعد پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کے الزامات پر ایوان میں الگ الگ ووٹنگ کا امکان بھی ختم ہوگیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ووٹنگ کے نتیجے کا خیرمقدم کیا، جبکہ پیٹ ہیگسیتھ نے مواخذے کی کوشش کو سیاسی تماشا قرار دیا۔

ڈیموکریٹ رہنما حکیم جیفریز نے کہا کہ یہ معاملہ ختم نہیں ہوا اور آئندہ اس پر دوبارہ غور کیا جا سکتا ہے۔ جنوری میں نئی کانگریس کے اجلاس کے بعد ڈیموکریٹس اس معاملے کو دوبارہ اٹھانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔