واشنگٹن:ایران کیخلاف جنگ کا جارحانہ مرحلہ ختم: امریکی وزیر خارجہ

واشنگٹن ( بین الاقوامی میڈیا)امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کیخلاف امریکا اور اسرائیل کا ابتدائی جارحانہ مرحلہ، جسے “آپریشن ایپک فیوری” کہا گیااپنے اہداف حاصل کرنے کے بعد ختم ہو چکا ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ امریکا امن کا راستہ اختیار کرنا چاہتا ہے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کسی معاہدے کو ترجیح دیتے ہیں، تاہم ایران نے تاحال اس سمت کا انتخاب نہیں کیا۔

روبیو کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز میں حالیہ حملوں اور کشیدگی کے باعث جنگ بندی کے مستقبل پر خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ امریکا کا کہنا ہے کہ وہ اس اہم آبی گزرگاہ میں پھنسے جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ادھر برطانیہ کے میری ٹائم ادارے کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایک کارگو جہاز کو نامعلوم شے سے نشانہ بنایا گیا، تاہم مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔

ایرانی اسپیکر محمد قالیباف نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال امریکا کیلئے ناقابل برداشت ہو سکتی ہے اور ایران ابھی اپنے اقدامات کے ابتدائی مرحلے میں ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی اور ناکہ بندی کے ذریعے عالمی توانائی کی ترسیل کو خطرے میں ڈالا ہے۔