لندن (رائٹرز)برطانیہ کے نومنتخب وزیراعظم اینڈی برنہم نے عہدہ سنبھالنے کے اگلے ہی روز گھریلو صارفین کو ریلیف دیتے ہوئے یکم اکتوبر 2026ء سے بجلی کے بلوں پر عائد ویلیو ایڈڈ ٹیکس (وی اے ٹی) ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم اینڈی برنہم نے ڈاؤننگ اسٹریٹ میں اپنی پہلی تقریر میں کیے گئے وعدے کے مطابق بڑھتی مہنگائی اور اخراجاتِ زندگی کے بحران سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے عوام کی جیبوں میں زیادہ رقم بچے گی اور معیشت پر عوام کا اعتماد بحال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وی اے ٹی کے خاتمے کے نتیجے میں توانائی کے ریگولیٹر آف جیم (Ofgem) کی جانب سے مقرر کی جانے والی انرجی پرائس کیپ میں اوسطاً 45 پاؤنڈ کی کمی متوقع ہے، جس سے گھریلو صارفین کے بجلی اور گیس کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔
وزیراعظم کے مطابق اس فیصلے کے باعث حکومتی آمدن میں ہونے والی تقریباً 850 ملین پاؤنڈ کی کمی کو 1.8 ارب پاؤنڈ مالیت کے مجوزہ ڈیجیٹل آئی ڈی منصوبے کو ختم کر کے پورا کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق وی اے ٹی کا خاتمہ یکم اکتوبر سے نئی انرجی پرائس کیپ کے نفاذ کے ساتھ ہی مؤثر ہوگا۔ یہ پرائس کیپ ہر تین ماہ بعد مقرر کی جاتی ہے اور اس کے ذریعے اوسط گھریلو صارف کے بجلی اور گیس کے اخراجات کا تعین کیا جاتا ہے۔ اس وقت یہ حد 1663 پاؤنڈ سالانہ ہے۔
برطانوی حکومت کے مطابق اوسط بل میں متوقع 45 پاؤنڈ کی کمی گزشتہ برس سابق وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کی جانب سے دی گئی 150 پاؤنڈ کی رعایت کے علاوہ ہوگی، جبکہ اس اقدام سے مہنگائی کی شرح میں بھی تقریباً 0.1 فیصد کمی آنے کی توقع ہے۔
ڈاؤننگ اسٹریٹ کا کہنا ہے کہ عوام کو مہنگائی سے مزید ریلیف دینے کے لیے اضافی معاشی اقدامات کا اعلان آئندہ بجٹ میں کیا جائے گا، جو رواں سال موسمِ خزاں میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

