اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف 13 روزہ دورہ امریکا اور برطانیہ مکمل کرکے رات گئے وطن واپس پہنچ گئے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم نے دورے کے دوران 5 روز امریکا اور 9 روز برطانیہ میں قیام کیا۔ وہ 17 ستمبر کو استنبول کے راستے لندن پہنچے تھے، جہاں انہوں نے 5 روز قیام کے دوران مختلف اہم ملاقاتیں کیں۔
شہباز شریف 21 ستمبر کو لندن سے امریکا روانہ ہوئے اور نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے جنرل اسمبلی سے خصوصی خطاب کیا اور مختلف ممالک کے اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کیں۔
وزیراعظم نے وفد کے ہمراہ 25 ستمبر کو نیویارک سے واپسی پر دوبارہ لندن کا رخ کیا، جہاں مزید 4 روز قیام کیا۔ دورے کے آخری روز انہوں نے لندن اسٹاک ایکسچینج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔
بعد ازاں شہباز شریف منگل کی دوپہر لوٹن ایئرپورٹ سے خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان کیلئے روانہ ہوئے۔ وزیراعظم کی پرواز بیلاروس اور قازقستان کے فضائی راستے سے تقریباً 8 گھنٹے 15 منٹ کے سفر کے بعد اسلام آباد پہنچی۔

