اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلام آباد سے سوئٹزرلینڈ روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ اہم تکنیکی سطح کے مذاکرات میں شرکت کرینگے۔سرکاری ذرائع کے مطابق یہ مذاکرات 21 جون 2026 کو سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں منعقد ہوں گے، جن کا تعلق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تسلسل سے ہے۔
مذاکرات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شرکت کریں گے۔ذرائع کے مطابق ان مذاکرات میں مختلف فریقین کے درمیان تکنیکی امور پر بات چیت ہوگی، جس کا مقصد موجودہ فریم ورک کے تحت پیش رفت کو آگے بڑھانا ہے۔
دوسری جانب رپورٹس کے مطابق ایران کا وفد بھی جنگ بندی مذاکرات میں شرکت کیلئے سوئٹزرلینڈ پہنچ رہا ہے، جبکہ امریکی نائب صدر کی شرکت بھی متوقع ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں سفارتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں اور مختلف ممالک کے درمیان رابطوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

