وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورۂ چین پر ہانگزو پہنچ گئے

ہانگزو (ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ سرکاری دورۂ چین کے سلسلے میں خوبصورت اور متحرک شہر ہانگزو پہنچ گئے ہیں، جہاں صوبہ ژیجیانگ کی قیادت نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان زراعت، قابلِ تجدید توانائی اور جدید مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین اپنے سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں اور وہ چینی صدر اور دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں کے منتظر ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی کے رشتے کو مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔ہانگزو ایئرپورٹ پر صوبے کے نائب گورنر نے وزیراعظم کا استقبال کیا، جبکہ اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔