وزیراعظم شہباز شریف کی صدر آصف زرداری سے ملاقات،وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود

ایوان صدر میں ملاقات کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے،ملکی سیاسی صورتحال، اتحادی معاملات اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیالتمام معاملات کا حل بات چیت اور باہمی مشاورت سے نکالا جائیگا،پچھلی آئینی ترامیم بھی اتحادیوں کی مشاورت سے کی گئیں: قیادت کا اتفاق

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر سخت مؤقف اختیار کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی ہے۔

ایوان صدر میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، اتحادی جماعتوں کے درمیان معاملات اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ایوان صدر کے اعلامیے کے مطابق صدر مملکت اور وزیر اعظم کی ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے گفتگو کے دوران کہا کہ تمام معاملات کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جائے گا۔

ملاقات میں سابقہ آئینی ترامیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ پچھلی آئینی ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے کی گئیں، جبکہ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تمام معاملات پر مل کر بیٹھیں گے اور مشاورت سے ان کا حل نکالا جائے گا۔