وِٹبی (نمائندہ خصوصی)وِٹبی سے ریجنل کونسلر ملیحہ شاہد پاکستانی کینیڈین کمیونٹی کی پہلی سیاسی شخصیت بن گئی ہیں جنہیں کینیڈا میں کتاب تحریر کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
ان کی کتاب”Contradictions of Passion and Politics” میں وہ ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے تجربات کی روشنی میں بیان کرتی ہیں کہ قیادت صرف اختیار یا کامیابی کا نام نہیں بلکہ ایک گہری ذمہ داری ہے۔
کتاب کا مرکزی خیال ہے کہ قیادت میں اکثر انسان کو اپنی ذاتی خواہشات اور عوامی ذمہ داریوں کے درمیان توازن قائم کرنا پڑتا ہے۔ملیحہ شاہد نے اس کشمکش کو نہایت سادہ اور فکری انداز میں بیان کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ ایک سچا رہنما وہ ہوتا ہے جو دباؤ، تنقید اور غیر یقینی حالات کے باوجود اصولوں پر قائم رہتا ہے۔
ملیحہ شاہد کی کتاب کی تقریبِ رونمائی یادگار اور متاثر کن تقریب ثابت ہوئی جس میں کمیونٹی رہنماؤں میڈیا نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں خوبصورت خیالات اور مضبوط آوازوں کے ساتھ کمیونٹی کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی جبکہ خاندان اور قریبی عزیزوں کی موجودگی نے اس موقع کو مزید یادگار بنا دیا۔
کتاب کو غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے، جس میں ذاتی اقدار اور عوامی زندگی کے تعلق، محبت، وفاداری، دیانت داری اور قیادت جیسے موضوعات کو اجاگر کیا گیا ہے۔یہ کتاب جدید دور میں اصولوں پر مبنی قیادت کے حوالے سے ایک اہم اضافہ ہے اور قارئین کی جانب سے اسے بھرپور سراہا جا رہا ہے۔

