وینزویلا کے زلزلے میں 10 ہزار اموات کا خدشہ ہے: اقوام متحدہ

کاراکاس(اقوام متحدہ، امریکی جیولوجیکل سروے، خبر ایجنسی، یونیسیف)اقوام متحدہ کے حکام نے وینزویلا میں گزشتہ ہفتے آنے والے دو تباہ کن زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

کاراکاس میں اقوام متحدہ کے ایک عہدیدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں زلزلوں سے تقریباً ڈھائی ہزار عمارتیں متاثر یا مکمل طور پر منہدم ہو چکی ہیں، جبکہ ہلاکتوں کی اصل تعداد سرکاری اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ممکنہ بڑے پیمانے پر جانی نقصان کے پیش نظر 10 ہزار لاشوں کے لیے باڈی بیگز حاصل کیے جا رہے ہیں۔دوسری جانب امریکی جیولوجیکل سروے بھی اندازہ ظاہر کر چکا ہے کہ اس آفت میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے ایک لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔

مقامی حکام کے مطابق اب تک 1719 افراد ہلاک، 5034 زخمی اور 15 ہزار 866 افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

ادھر امدادی کارروائیاں بدستور جاری ہیں، جبکہ زلزلے کے 106 گھنٹے بعد ملبے تلے دبے 21 سالہ نوجوان کو زندہ نکال لیا گیا۔چین نے زلزلہ متاثرین کے لیے ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کی امداد بھیجنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ یونیسیف کے مطابق تقریباً 18 لاکھ افراد کو فوری انسانی امداد کی ضرورت ہے۔