یروشلم(اسرائیلی میڈیا، ٹیلیگرام)اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ ایران کے ساتھ کسی بھی حتمی معاہدے میں تہران سے پیدا ہونے والا جوہری خطرہ مکمل طور پر ختم ہونا چاہیے۔
نیتن یاہو نے ٹیلیگرام پر جاری بیان میں کہا کہ اس مقصد کیلئے ایران کی جوہری افزودگی کی تنصیبات کو ختم کرنا اور افزودہ یورینیم کو ایرانی سرزمین سے باہر منتقل کرنا ضروری ہوگا۔اسرائیلی ذرائع کے مطابق نیتن یاہو نے ہفتے کے روز صدر ٹرمپ سے ٹیلیفونک گفتگو میں یہ بھی واضح کیا کہ ایران کے ساتھ کسی ممکنہ معاہدے کے باوجود اسرائیل لبنان میں خطرات کے خلاف کارروائی کی آزادی برقرار رکھے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ جاری مذاکرات سے متعلق اسرائیل کو مسلسل آگاہ کر رہا ہے۔اسرائیلی ذرائع کے مطابق صدر ٹرمپ نے مذاکرات میں اس مؤقف کو دہرایا کہ ایران کا جوہری پروگرام ختم اور تمام افزودہ یورینیم ایرانی حدود سے باہر منتقل کیے بغیر کوئی حتمی معاہدہ نہیں کیا جائے گا۔
ادھر لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 2 افراد ہلاک ہوئے جن میں حزب اللّٰہ سے وابستہ اسلامی ہیلتھ کمیٹی کا ایک امدادی کارکن بھی شامل ہے، جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔لبنانی حکام نے جنوبی لبنان میں طبی اور امدادی شعبے پر جاری اسرائیلی حملوں کی مذمت کی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی سیاستدان بینی گینٹز نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ کسی معاہدے کے حصے کے طور پر لبنان میں جنگ بندی قبول کرنا اسرائیل کے لیے اسٹریٹجک غلطی ہوگی۔

