واشنگٹن( امریکی میڈیا، بین الاقوامی رپورٹس)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے رہنماؤں سے براہِ راست رابطے کے بعد لبنان میں اسرائیلی کارروائیاں روکنے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے اور یہ کہ اسرائیلی وزیراعظم نے بیروت میں مزید فوجی دستے نہ بھیجنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی ہمیشہ قائم رہے گی، جبکہ اسرائیلی فوجی دستوں کو واپس بلا لیا گیا ہے۔
دوسری جانب واشنگٹن میں لبنانی سفارت خانے نے بھی جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں دونوں فریق ایک دوسرے پر حملے بند کریں گے، جبکہ بعد میں اس معاہدے کو پورے لبنان تک توسیع دی جائے گی۔
تاہم زمینی صورتحال کے مطابق جنگ بندی کے اعلان کے باوجود جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے رپورٹ ہوئے ہیں، جس میں دو لبنانی فوجی زخمی ہوئے ہیں، جبکہ حزب اللہ کی جانب سے شمالی اسرائیل پر راکٹ فائر کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ آئندہ دو روز میں واشنگٹن میں فریقین کے درمیان صورتحال پر مزید بات چیت متوقع ہے۔

