ٹورنٹو :بھتہ خور گروہ کیخلاف بڑی کارروائی، 17 افراد گرفتار

ٹورنٹو ( پیل ریجنل پولیس، کینیڈین بارڈر سروسز ایجنسی، اونٹاریو صوبائی پولیس، ایف بی آئی)صوبہ اونٹاریو میں پیل ریجنل پولیس نے جنوبی ایشیائی کاروباری افراد اور کمیونٹی کو نشانہ بنانے والے بین الاقوامی جرائم پیشہ گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 17 افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد کی اکثریت کا تعلق “فور برادرز” نامی بین الاقوامی جرائم نیٹ ورک سے ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں بریمپٹن سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ اقبال سنگھ بھاگریا، 26 سالہ دلاور پریت سنگھ، 21 سالہ مندیپ سنگھ، 22 سالہ پربھ دیپ سہل، 22 سالہ پرتاپ بیر گھمن، 29 سالہ اجے دیپ سنگھ، 24 سالہ نوروپ سنگھ، 22 سالہ امرت جوت سنگھ، 22 سالہ جشن پریت سنگھ، 27 سالہ گنیت گنیت، 32 سالہ سکھوندر سنگھ اور 30 سالہ مہندر سنگھ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ نورول سے 24 سالہ آکاش دیپ سنگھ، برٹش کولمبیا کے شہر سرے سے 25 سالہ رویندر سنگھ اور 21 سالہ جشن بیر سنگھ، اونٹاریو کے شہر بیری سے 28 سالہ راجن سنگھ جبکہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر مانٹیکا سے 22 سالہ گوتم گوتم بھی گرفتار ہونے والوں میں شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ گروہ بریمپٹن، مسی ساگا، کیلڈن، برٹش کولمبیا اور امریکی ریاست کیلیفورنیا تک سرگرم تھا اور مقامی کاروباری افراد خصوصاً ریسٹورنٹس اور ٹرکنگ کمپنیوں سے بھتہ طلب کرتا تھا۔ انکار کی صورت میں فائرنگ، آتشزدگی اور دھمکیوں جیسے واقعات انجام دیے جاتے تھے۔

تحقیقات کے مطابق دسمبر 2025 میں مشترکہ آپریشن کا آغاز کیا گیا جس میں پیل ریجنل پولیس، اونٹاریو صوبائی پولیس، کینیڈین بارڈر سروسز ایجنسی، امریکی تحقیقاتی ادارہ ایف بی آئی اور کینیڈا کے مالیاتی نگرانی کے ادارے فن ٹریک نے حصہ لیا۔

پولیس نے بتایا کہ گرفتار افراد 24 مختلف واقعات میں ملوث ہیں جبکہ 16 پرتشدد وارداتوں میں آتشزدگی اور متعدد فائرنگ کے واقعات شامل ہیں، جن میں مجموعی طور پر 324 گولیاں چلائی گئیں۔تحقیقات کے دوران پولیس نے 6 آتشیں اسلحہ، منشیات، متعدد موبائل فونز، سم کارڈز اور جعلی شناختی دستاویزات بھی برآمد کیں۔

کینیڈین بارڈر سروسز ایجنسی کے مطابق بھتہ خوری سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث غیر ملکی افراد کے خلاف امیگریشن قوانین کے تحت بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ ادارے نے بتایا کہ 7 مئی 2026 تک 446 امیگریشن تحقیقات شروع کی جا چکی ہیں، 118 افراد کے خلاف ملک بدری کے احکامات جاری ہوئے جبکہ 55 افراد کو ملک بدر کیا جا چکا ہے۔

پیل ریجنل پولیس کے سربراہ نیشن دورائیاپا نے کہا کہ یہ گرفتاریاں مختلف اداروں کے باہمی تعاون کا نتیجہ ہیں اور پولیس جنوبی ایشیائی کمیونٹی کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔