ٹورنٹو سٹی کونسل میں 16 سال بعد تاریخی تبدیلی، پاکستانی نژاد اسما ملک اسپیکر منتخب

فرانسس ننزیاتا کا طویل دور ختم، شیلی کیرول ڈپٹی اسپیکر مقرر، میئر اولیویا چاؤ اور 25 کونسلرز نے حلف اٹھا لیا
1 ارب 10 کروڑ ڈالر کے متوقع خسارے کا سامنا، میئر کا وفاقی اور صوبائی حکومتوں سےمستقل مالیاتی نظام کا مطالبہ

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی) کینیڈا کے سب سے بڑے شہر ٹورنٹو کی سٹی کونسل میں 16 سال بعد ایک اہم اور تاریخی تبدیلی سامنے آئی ہے، جہاں اسپادینا فورٹ یارک سے تعلق رکھنے والی پاکستانی نژاد کونسلر اسما ملک کو نئی چار سالہ مدت کے لیے سٹی کونسل کی اسپیکر منتخب کر لیا گیا ہے۔ وہ سابق اسپیکر فرانسس ننزیاتا کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گی، جو 2010 سے 2026 تک مسلسل 16 برس کونسل کے اجلاسوں کی صدارت کرتی رہیں۔

نئی سٹی کونسل کی حلف برداری کی پُروقار تقریب سٹی ہال میں منعقد ہوئی، جس کا آغاز صبح نیتھن فلپس اسکوائر میں مقامی قدیم باشندوں کی روایتی خیرمقدمی تقریب سے ہوا۔ دوپہر کو کونسل چیمبر میں میئر اولیویا چاؤ اور سٹی کونسل کے 25 اراکین نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا، جبکہ کونسلرز کے اہلِ خانہ اور مہمانوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ افتتاحی اجلاس میں انتخاب کے بعد اسما ملک نے کہا کہ 16 سال میں پہلی نئی اسپیکر منتخب ہونا ان کے لیے اعزاز ہے اور وہ اس ذمہ داری کی اہمیت کو پوری طرح سمجھتی ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ کونسل کے اجلاس منصفانہ اور مؤثر انداز میں چلائے جائیں گے اور تمام اراکین کو اظہارِ خیال کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ڈان ویلی نارتھ کی کونسلر شیلی کیرول کو ڈپٹی اسپیکر منتخب کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سابق اسپیکر فرانسس ننزیاتا گزشتہ ماہ 26 اکتوبر کے بلدیاتی انتخابات میں یارک ساؤتھ ویسٹن کے حلقے سے نئی منتخب کونسلر کیارا پڈوانی کے ہاتھوں شکست کھا کر اپنی نشست برقرار نہیں رکھ سکی تھیں۔

حلف برداری کے بعد نئی چار سالہ مدت کے پہلے باضابطہ خطاب میں میئر اولیویا چاؤ نے شہریوں سے وعدہ کیا کہ ٹورنٹو کو زیادہ محفوظ، رہائش و اخراجات کے لحاظ سے قابلِ استطاعت اور عوامی ضروریات کا بہتر خیال رکھنے والا شہر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں شہری اپنی پسند کے علاقوں میں گھر خرید سکیں، پبلک ٹرانسپورٹ وقت پر دستیاب ہو اور ہنگامی خدمات کے اداروں کے پاس مناسب وسائل موجود ہوں۔

تاہم میئر چاؤ کے خطاب کا مرکزی نقطہ شہر کو درپیش سنگین مالی بحران تھا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آنے والے دس برسوں میں ٹورنٹو سمیت اونٹاریو اور کینیڈا کے دیگر بڑے شہروں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہری حکومتیں ہر سال کوئنز پارک اور اوٹاوا سے نئے معاہدوں اور اضافی امداد کی درخواستیں نہیں کر سکتیں، اس لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں شہروں کے لیے آمدنی کا ایک مستقل اور مستحکم نظام تشکیل دیں۔ اس وقت ٹورنٹو کی آمدنی کا دارومدار پراپرٹی ٹیکس اور تعمیراتی فیسوں پر ہے جبکہ اخراجات تیزی سے بڑھ رہے ہیں، جس کے باعث 2027 کے بجٹ میں شہر کو تقریباً ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کے متوقع مالی خسارے کا سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق نومبر 2023 میں میئر چاؤ اور اونٹاریو کے پریمیئر ڈگ فورڈ کے درمیان ہونے والے مالی معاہدے کے تحت صوبائی حکومت نے گارڈینر ایکسپریس وے اور ڈان ویلی پارک وے کی ذمہ داری سنبھالی تھی اور ٹرانزٹ و شیلٹرز کے لیے اربوں ڈالر کی مدد فراہم کی تھی، تاہم اس معاہدے کی اہم فنڈنگ مارچ 2027 میں ختم ہو رہی ہے۔ میئر چاؤ اس تعاون کو برقرار رکھنے کے لیے ڈگ فورڈ حکومت سے مزید مذاکرات کی خواہاں ہیں، لیکن پریمیئر ڈگ فورڈ اور ان کے وزرا اشارہ دے چکے ہیں کہ 2023 جیسے کسی نئے بڑے پیکج کا امکان فی الحال محدود ہے، البتہ انہوں نے ٹورنٹو پولیس کی خدمات کے لیے اضافی مالی تعاون پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ آئندہ چار برسوں میں اسما ملک کی صدارت میں نئی سٹی کونسل کے لیے اس بھاری مالی خسارے پر قابو پانا اور شہری سہولتوں کو برقرار رکھنا سب سے بڑا امتحان ہوگا۔