پاسدارانِ انقلاب کا امریکی فوج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

تہران / واشنگٹن( پاسدارانِ انقلاب، امریکی سینٹرل کمانڈ، رائٹرز، اے ایف پی)ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ خطے میں امریکی فوج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ امریکا کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ کسی بھی حملے کا پہلے سے زیادہ سخت اور وسیع جواب دیا جائے گا۔

پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی افواج نے جزیرہ سرک پر حملہ کیا تھا، تاہم ایرانی فورسز نے اس کارروائی کو ناکام بنا کر امریکی حملہ پسپا کر دیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی حملے کا جواب فوری اور فیصلہ کن انداز میں دیا گیا ہے جبکہ مستقبل میں کسی بھی جارحیت کا ردعمل مزید سخت ہوگا۔

اس سے قبل امریکی فوج نے ایران کے خلاف فضائی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کارروائی آبنائے ہرمز میں ایک تجارتی جہاز پر مبینہ ایرانی حملے کے جواب میں کی گئی۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق امریکی طیاروں نے ایران کے میزائل اور ڈرون ذخیرہ کرنے کے مراکز اور ساحلی ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنایا۔دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے خلاف عسکری کارروائیوں کے دعوے کیے ہیں، تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔