اوٹاوا (نمائندہ خصوصی)محکمہ تحفظِ نباتات، وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق، حکومتِ پاکستان کے تین رکنی سرکاری وفد نے آج اوٹاوا میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد سلیم سے ملاقات کی۔
وفد کی قیادت پرنسپل سائنٹیفک آفیسر ڈاکٹر عظمٰی ستارہ نے کی، جبکہ سینئر سائنٹیفک آفیسر محمد حسن چانچڑ اور قرنطینہ و پاکستان سنگل ونڈو کے ماہرِ حشرات طیب ولایت بھی وفد میں شامل تھے۔

پاکستانی وفد 26 سے 30 اکتوبر تک کینیڈین فوڈ انسپیکشن ایجنسی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے سیمینار میں شرکت کیلئے اوٹاوا میں موجود ہے۔ سیمینار میں کینیڈا کے ادارے کے طریقۂ کار اور خوراک کے تحفظ، صحت، نباتات اور حیوانات سے متعلق ضابطہ جاتی نظام پر تبادلۂ خیال کیا جا رہا ہے۔
ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان زرعی و غذائی تجارت کے شعبے میں بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو سراہا۔ انہوں نے متعلقہ ضابطہ جاتی نظام میں استعداد بڑھانے کے مختلف اقدامات کی اہمیت پر بھی زور دیا، تاکہ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون اور روابط کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

