پنجاب میں پچھلے چند سالوں سے جو انتظامی ماحول قائم رہا ، وہ نسبتاً مستحکم، متحرک اور نتیجہ خیز سمجھا جا رہا ہے ، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اقتدار سنبھالنے کے بعد جس رفتار سے مختلف شعبوں میں کام کیا، اس سے یہ تاثر ضرور پیدا ہوا کہ پنجاب میں حکومت صرف فائلوں کے ذریعے نہیں بلکہ نتائج کے ذریعے اپنی شناخت بنانا چاہتی ہے، صفائی، خوبصورتی، انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم اور عوامی سہولت کے متعدد نئے منصوبوں نے حکومت کی سیاسی ساکھ کو مضبوط کیا ،اس سفر میں پنجاب کے انتظامی سربراہ چیف سیکرٹری زاہد زمان کا کردار بھی مثالی ہے ، لیکن ایک اچھے چیف ایگزیکٹو کی اصل آزمائش صرف منصوبے شروع کرنا نہیں بلکہ ایک پراعتماد اور پیشہ ورانہ انتظامی ماحول قائم رکھنا بھی ہوتا ہے اور اس وقت پنجاب میں مسلسل تبادلے، بعض پر کئی کئی ہفتے عمل درآمد نہ ہونا اور کرپشن کے حوالے سے بحث سامنے آ رہی ہے،جس نے یہ سوال ضرور پیدا کر دیا ہے کہ کیا وہ نسبتاً اچھا انتظامی ماحول اب کسی دباؤ یا بے چینی کی طرف کیوں جا رہا ہے؟
وفاقی وزیر چودھری سالک حسین کی جانب سے پنجاب میں کرپشن کے حوالے سے دیا گیا بیان سیاسی اور انتظامی حلقوں میں خاصی بحث کا باعث بنا، اس معاملے پر وزیر اعلیٰ مریم نواز کا ردعمل کچھ زیادہ تھا، وزیر اعلیٰ کا یہ حق ہے کہ وہ اپنی حکومت کی ساکھ کا دفاع کریں، خصوصاً جب وہ یہ سمجھتی ہوں کہ ان کی حکومت پر بلاجواز الزام لگایا جا رہا ہے، لیکن یہاں ایک بنیادی سوال موجود ہے، کیا چودھری سالک حسین نے وزیر اعلیٰ ،پنجاب حکومت کے کسی ایک فرد، وزیر یا افسر کو براہِ راست پن پوائنٹ کیا تھا یا انہوں نے مجموعی طور پر اس کرپشن کی بات کی تھی جو برسوں سے سرکاری نظام میں مختلف شکلوں میں موجود ہے؟ اگر بات مجموعی نظام میں کرپشن کی تھی تو پھر اس پر سیاسی اور قانونی جنگ چھیڑنے کے بجائے ایک زیادہ بالغ، سیاسی اور مفاہمانہ ردعمل اختیار کیا جا سکتا تھا،سیاست میں ہر تنقید کا جواب توپ سے نہیں دیا جاتا، بعض معاملات میں خاموشی، بعض میں وضاحت اور بعض میں روایتی سیاسی زبان میں ’’مٹی پاؤ‘‘ زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہے، وزیر اعلیٰ اگر اپنی کابینہ میں موجود تجربہ کار مگر نسبتاً خاموش مشیر یا کسی خیر خواہ سے مشورہ کرتیں تو شاید معاملہ اس حد تک نہ جاتا،چودھری شجاعت حسین کے دونوں صاحبزادے، چودھری سالک حسین اور چودھری شافع حسین، سیاست میں تعلق، رواداری اور سیاسی برداشت کی اہمیت کو سمجھتے ہیں، پنجاب کی سیاست میں تعلقات کو محض ایک بیان کی بنیاد پر کشیدہ کرنا دانش مندی نہیں ہوتی، مضبوط سیاسی حکومتیں تنقید سے خوفزدہ نہیں ہوتیں بلکہ بعض اوقات تنقید کو اصلاح کے موقع میں تبدیل کر دیتی ہیں،کیا ہی اچھا ہوتا وزیر اعلیٰ اگر چودھری سالک کے والد بزرگ سیاستدان چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کرنے ان کے گھر تشریف لے جاتیں تو تمام غلط فہمیاں دور ہو جاتیں۔
دوسری طرف خانیوال کی سابق ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید اور بیوٹیفیکیشن کے معاملات کے حوالے سے جو سوالات اور کرپشن کی باتیں سامنے آئیں اور وزیر اعلیٰ کی طرف سے کرپشن کا جائزہ لینے کے لئے انٹی کرپشن کو ہدایات دینے سے صورتحال مزید گھمبیر ہو گئی، اگر ایک طرف پنجاب کو ’’نیٹ اینڈ کلین‘‘ قرار دیا جائے اور دوسری طرف حکومت کے اپنے انتظامی حلقوں سے بعض منصوبوں میں بے ضابطگیوں اور کرپشن کی بات سامنے آئے تو عوام کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہونا فطری ہے کہ چودھری سالک کا بنیادی نکتہ مکمل طور پر غلط کیسے قرار دیا جا سکتا ہے؟
گزشتہ دنوں پنجاب کی بیوروکریسی میں ہونے والی تبدیلیوں نے بھی کئی سوالات پیدا کیے ہیں، بعض تبادلے ایسے ہیں جن کی انتظامی منطق فوری طور پر سمجھ میں نہیں آتی، کمشنر لاہور اور سیکرٹری سروسز کے باہمی تبادلے ہوں یا مختصر عرصے میں اعلیٰ پولیس افسروں کی بار بار تبدیلیاں، یہ سب ایک ایسے ماحول کا تاثر دیتے ہیں جہاں فیصلے مکمل سکون اور طویل المدتی منصوبہ بندی کے بجائے کسی فوری دباؤ کے تحت کیے جا رہے ہوں۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کو عمومی طور پر ایک محنتی، متحرک اور نتائج دینے والے افسر کے طور پر دیکھا جاتا رہا ہے، وزیر اعلیٰ کے ہاؤسنگ اور گھر بنانے سے متعلق منصوبے کو بھی سیاسی اعتبار سے حکومت کی ایک اہم کامیابی تصور کیا جا رہا تھا، ایسے منصوبے صرف اینٹ اور سیمنٹ کے منصوبے نہیں ہوتے بلکہ عوام کے ساتھ حکومت کے سیاسی تعلق کو مضبوط کرتے ہیں،اس پس منظر میں نورالامین مینگل کے بارے میں پیدا ہونے والی بحث اور ان کی تبدیلی نے بھی سوالات کو جنم دیا، بعض حلقوں میں یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ شاید کسی بڑے کردار کو بچانے کے لیے ایک افسر کے گرد معاملہ سمیٹنے کی کوشش کی گئی، ان کی جگہ دانش افضال کو تعینات کیا گیا ہے، جنہیں ایک نیک نام، محنتی اور صاف شہرت رکھنے والا افسر سمجھا جاتا ہے، یقیناً یہ ایک مثبت انتخاب ہے مگر مسئلہ افراد کی صلاحیت نہیں بلکہ اس تسلسل کا ہے جو انتظامی نظام کی اصل طاقت ہوتا ہے، ایک اچھے افسر کو لانا بہت چھی بات ہے، لیکن اچھے افسر کو مناسب وقت دینا اس سے بھی زیادہ ضروری ہے۔
سکول ایجوکیشن پنجاب کا شاید سب سے بڑا اور حساس محکمہ ہے، لاکھوں بچے، اساتذہ، والدین اور مستقبل کی پوری نسل اس نظام سے وابستہ ہے، ابھی تبدیل ہونے والے سیکرٹری مدثر ریاض ملک کے دور میں محکمہ میں انتظامی بہتری اور ایک خاص نظم و ضبط نظر آنا شروع ہوا تھا لیکن انہیں بھی زیادہ دیر کام کرنے کا موقع نہیں دیا گیا،اب وہاں صاحبزادی وسیمہ عمر کو ذمہ داری دی گئی ہے، وہ بھی ایک محنتی اور کلین افسر کے طور پر جانی جاتی ہیں ، اس میں کوئی شک نہیں کہ پنجاب کے پاس اچھے افسر موجود ہیں، مگر سوال پھر وہی ہے، کیا ہم اچھے افسروں کو کام کرنے کا وقت دے رہے ہیں؟اگر ہر چند ماہ بعد چہرے تبدیل ہوتے رہیں تو نظام کا چہرہ کب بدلے گا؟
ان تمام واقعات کو الگ الگ دیکھنے کے بجائے اگر ایک بڑی تصویر میں دیکھا جائے تو پنجاب میں ایک نئی سیاسی اور انتظامی بے چینی محسوس ہوتی ہے، ایک طرف کرپشن کے حوالے سے بحث ہے، دوسری طرف مختلف محکموں میں تبدیلیاں، اور تیسری طرف پنجاب کے حجم اور مستقبل کے انتظامی ڈھانچے پر مختلف سطحوں پر ہونے والی گفتگو،کیا پنجاب کو انتظامی طور پر نئے سرے سے ترتیب دینے کی سوچ ؟ کیا نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کی بحث دوبارہ کسی بڑے سیاسی ایجنڈے کا حصہ بننے جا رہی ہے؟ یا پھر یہ سب محض معمول کی انتظامی تبدیلیاں ہیں؟فی الحال ان سوالات کا قطعی جواب دینا قبل از وقت ہو گا، لیکن اتنا ضرور کہا جا سکتا ہے کہ موجودہ تبدیلیاں ایک ایسے ’’ری سیٹ‘‘ کا تاثر پیدا کر رہی ہیں جس کے اثرات مستقبل میں زیادہ واضح ہو سکتے ہیں،وزیر اعلیٰ مریم نواز کے لیے اس وقت سب سے بڑا چیلنج یہ نہیں کہ وہ مزید منصوبے شروع کریں، ان کے لیے اصل چیلنج یہ ہے کہ وہ اپنے اردگرد ایک ایسا انتظامی اور سیاسی ماحول برقرار رکھیں جس میں اچھا افسر خود کو اطمینان میں سمجھے، ایماندار افسر کو اعتماد حاصل ہو، کارکردگی دکھانے والے کو وقت دیا جائے ۔

