پنجاب میں بیوروکریسی اور منتخب ارکان اسمبلی کے درمیان کشمکش کوئی نئی بات نہیں ، ماضی میں یہاں بعض وزراء نے سیکرٹریوں اور افسروں کے ساتھ دفاتر میں نہ صرف تو تکرار کی بلکہ ان پر ہاتھ اٹھانے سے بھی گریز نہ کیا ، منتخب ارکان اسمبلی اور وزراء افسروں کو اپنی مرضی کے مطابق چلانا چاہتے ہیں اور کبھی بیوروکریسی اپنی انتظامی برتری اور اختیارات کی بنیاد پر منتخب نمائندوں کو خاطر میں نہیں لاتی،ان دنوں بھی کئی وزراء کی ان کے سیکرٹری نہیں سنتے اگر سنتے ہیںتو اس پر عمل نہیں کرتے،ایک بہت محنتی اور کام کرنے والے لاہور کے ایک وزیر ایک عرصے سے سیکرٹری سے تنگ ہیں مگر ہزار جتن کے باوجود اسے بدلوا نہیں سکے ، دونوں طرف ایسے عناصر موجود ہیں جو ادارہ جاتی حدودسے تجاوز کرتے ہیں، بعض سیاستدان افسروں سے ذاتی وفاداری اور غیر ضروری پروٹوکول کی توقع رکھتے ہیں، جبکہ بعض افسر اپنے منصب اور اختیارات کو اس انداز میں استعمال کرتے ہیں جیسے منتخب نمائندوں کے سامنے جواب دہ ہونا ان کی توہین ہو، دونوں رویے جمہوری اور انتظامی نظام کے لیے نقصان دہ ہیں،دنیا کے ترقی یافتہ جمہوری نظاموں میں بھی سیاستدان اور سول سروس کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ کام کرتے ہیں، اختلاف بھی کرتے ہیں اور ایک دوسرے سے جواب طلبی بھی کرتے ہیں، لیکن ان کے درمیان ادارہ جاتی حدود واضح ہوتی ہیں، منتخب حکومت پالیسی بناتی ہے، پارلیمنٹ نگرانی کرتی ہے اور انتظامیہ قانون کے مطابق اس پر عمل درآمد کرتی ہے، وہاں کسی افسر کی کارکردگی پر سوال اٹھانا معمول کی بات ہے، لیکن اس کی تذلیل کرنا یا اسے سیاسی وفاداری ثابت کرنے پر مجبور کرنا اچھی حکمرانی نہیں سمجھا جاتا۔
ان دنوں پنجاب میں کچھ ایسی ہی صورتحال جنم لیتی دکھائی دے رہی ہے، پنجاب کے منتخب ارکان اسمبلی اور فیلڈ انتظامیہ کے درمیان فاصلے بڑھنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں، ارکان اسمبلی کو ڈپٹی کمشنرز، کمشنرز، ڈی پی اوز،آر پی اوز اور دیگر سرکاری افسروں سے مختلف نوعیت کی شکایات ہیں،کسی کو افسر کی طرف سے فون نہ اٹھانے پر اعتراض ہے تو کسی کو ملاقات کے لیے وقت نہ ملنے کا گلہ اور کسی کو یہ شکایت ہے کہ اس کے حلقے کے مسائل کو ترجیح نہیں دی جا رہی، بظاہر یہ معمول کی انتظامی شکایات ہیں، لیکن جب یہ معاملات ارکان کے استحقاق اور افسروں کی طلبی تک پہنچ جائیں تو پھر سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا پنجاب میں منتخب نمائندوں اور انتظامی مشینری کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کمزور ہو رہی ہے؟ارکان اسمبلی کا یہ مؤقف اپنی جگہ اہم ہے کہ وہ عوام کے منتخب نمائندے ہیں، ان کے پاس عوام اپنے مسائل لے کر آتے ہیں اور وہی مسائل متعلقہ محکموں تک پہنچانا ان کی ذمہ داری ہے، اگر کسی رکن اسمبلی کا ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او یا کسی دوسرے محکمے کے سربراہ سے رابطہ نہیں ہو پاتا تو یقیناً یہ ایک قابل توجہ معاملہ ہے، کسی منتخب نمائندے کو مسلسل نظر انداز کرنا یا اس کے جائز عوامی مسائل پر توجہ نہ دینا اچھی انتظامی روایت نہیں، سرکاری افسروں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ عوامی نمائندوں کے ساتھ رابطہ اور تعاون ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا حصہ ہے، لیکن دوسری طرف یہ سوال بھی اہم ہے کہ کیا کسی افسر کا فون نہ اٹھانا لازماً رکن اسمبلی کے استحقاق کی خلاف ورزی ہے؟ کیا ہر انتظامی اختلاف کو اسمبلی کے استحقاق کا مسئلہ بنا دینا مناسب ہے؟ کیا سرکاری افسروں کی کارکردگی جانچنے اور ان سے جواب طلب کرنے کے لیے کوئی متوازن اور ادارہ جاتی طریقہ کار نہیں ہونا چاہیے؟یہاں ایک بنیادی فرق سمجھنے کی ضرورت ہے، کسی منتخب نمائندے کا استحقاق یقیناً قابل احترام ہے، لیکن کسی سرکاری افسر کا بھی ایک قانونی، انتظامی اور پیشہ ورانہ دائرہ کار ہے، سرکاری افسر کسی رکن اسمبلی کے ذاتی ملازم نہیں ریاست کے ملازم ہوتے ہیں، ان کی پہلی ذمہ داری قانون، قواعد و ضوابط اور حکومتی پالیسی کے مطابق فرائض انجام دینا ہے، انہیں ہر منتخب نمائندے کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آنا چاہیے، لیکن ان سے یہ توقع نہیں کی جا سکتی کہ وہ ہر وقت ہر رکن اسمبلی کے فون پر دستیاب ہوں یا ہر معاملے میں کسی سیاسی شخصیت کی خواہش کے مطابق فیصلہ کریں۔
پنجاب اسمبلی کی استحقاق کمیٹیوں میں افسروں کی طلبی اور پھر ان کارروائیوں کو سوشل میڈیا پر نمایاں کرنے کا رجحان بھی کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے، استحقاق کمیٹیوں کا وجود اسمبلی کے وقار اور ارکان کے آئینی و قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے ہے، ان کا استعمال کسی افسر کو ذلیل کرنے، دباؤ میں لانے یا اپنی ناراضی کا اظہار کرنے کے لیے نہیں ہونا چاہیے، اگر کسی افسر نے واقعی بدتمیزی کی ہے، منتخب نمائندے کی تضحیک کی ہے یا جان بوجھ کر عوامی مسائل حل کرنے میں رکاوٹ ڈالی ہے تو اس کا احتساب ضرور ہونا چاہیے، لیکن اگر معاملہ محض فون نہ سننے، ملاقات میں تاخیر یا کسی انتظامی فیصلے پراختلاف کا ہے تواسےاستحقاق کی سنگین خلاف ورزی بنا دینا اداروں کے درمیان کشیدگی بڑھانے کے مترادف ہے۔
بیوروکریسی کو بھی اپنے رویوں کا جائزہ لینا ہوگا، یہ درست ہے کہ افسروں کو سیاسی دباؤ سے آزاد ہو کر کام کرنا چاہیے، لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ وہ منتخب نمائندوں سے رابطہ ہی ختم کر دیں، البتہ اس تعلق میں ایک لکیر ضرور کھینچنا ہوگی، منتخب نمائندہ ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کر سکتا ہے، عوامی مسائل اجاگر کر سکتا ہے اور انتظامی کارکردگی پر سوال اٹھا سکتا ہے، لیکن کسی افسر کو غیر قانونی حکم دینے، میرٹ کے خلاف تقرری یا تبادلے پر مجبور کرنے، کسی مخالف کے خلاف پولیس کارروائی کرانے یا کسی مخصوص شخص کو ناجائز فائدہ پہنچانے کا اختیار نہیں رکھتا، اسی طرح افسر بھی اپنے اختیارات کو ذاتی انا، گروپ بندی یا منتخب نمائندوں کو نظر انداز کرنے کے لیے استعمال نہیں کر سکتے۔
چند روز پہلے سپیکر پنجاب اسمبلی کے ایک ضلع کے دورے اور وہاں منعقد ہونے والے جلسے میں ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور دیگر محکموں کے افسروں کی عدم موجودگی نے بھی اس بحث کو مزید تقویت دی ہے، اگر یہ عدم شرکت دانستہ تھی تو اسے معمولی واقعہ قرار نہیں دیا جا سکتا، سپیکر اسمبلی ایک آئینی و پارلیمانی منصب رکھتے ہیں اور ان کے دورے کو سرکاری انتظامیہ کی طرف سے مناسب اہمیت دی جانی چاہیے،اس سلسلے میں چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پولیس کا کردار بھی اہم ہے، انہیں چاہیے کہ وہ اپنے ماتحت فیلڈ افسروں کو منتخب نمائندوں کے ساتھ بہتر رابطے، مناسب رویے اور فوری جواب دہی کی ہدایت دیں، ساتھ ہی افسروں کو یہ تحفظ بھی حاصل ہونا چاہیے کہ وہ کسی غیر قانونی سیاسی دباؤ کو قبول نہ کرنے پر انتقامی کارروائی کا نشانہ نہیں بنیں گے، حکومت کو ایسے افسروں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے جومیرٹ، قانون اور عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہیں، خواہ اس راستے میں انہیں کسی سیاسی شخصیت کی ناراضی ہی کیوں نہ مول لینی پڑے،اسی طرح اسمبلی کی استحقاق کمیٹیوں کو بھی اپنی کارروائی میں توازن، شفافیت اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، کسی افسر کو طلب کرنے سے پہلے شکایت کی نوعیت، اس کے قانونی جواز اور متعلقہ افسر کا مؤقف سامنے آنا چاہیے، پارلیمانی استحقاق کا مقصد اداروں کو مضبوط کرنا ہے، ان کے درمیان مستقل محاذ آرائی پیدا کرنا نہیں۔

