پنجاب، چار صوبے اور ایڈمنسٹریٹر؟

نئے صوبوں کے قیام اور بالخصوص پنجاب کو چار انتظامی حصوں میں تقسیم کرنے کی بحث اب ایک نئے مرحلے میں داخل ہوتی دکھائی دے رہی ہے،ریفرنڈم، سیاسی اتفاق رائے اور آئینی و قانونی تقاضے اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن ایک بنیادی سوال ایسا ہے جس کا جواب ابھی سے تلاش کرنا ضروری ہے،نئے صوبے بنانا شاید اتنا مشکل نہ ہو جتنا انہیں چلانا ہوگا، اصل امتحان انتخابات سے پہلے شروع ہوگا، جب نئی اسمبلیاں ہوں گی نہ منتخب حکومتیں اور نہ ہی مکمل انتظامی ڈھانچہ، سوال یہ ہے کہ اس عبوری دور میں نئے صوبوں کا نظام کون چلائے گا؟

یہ معاملہ محض نئے دفاتر قائم کرنے یا چند افسروں کے تبادلے کرنے کا نہیں، نئے صوبوں کے قیام کے ساتھ انتظامی، مالیاتی، قانونی اور ادارہ جاتی سطح پر ایک بہت بڑی مشق درکار ہوگی، انتخابی حلقوں کی نئی حد بندی سے لے کر صوبائی محکموں کی تقسیم، اثاثوں اور واجبات کی منتقلی، بجٹ کی تقسیم، ریونیو کے معاملات، دریاؤں کے پانی کی تقسیم اور سرکاری ملازمین کی نئی سروس اسٹرکچر میں ایڈجسٹمنٹ تک لاتعداد معاملات سامنے آئیں گے، چیف سیکرٹری سے لے کر پٹواری تک اور آئی جی پولیس سے لے کر کانسٹیبل تک ایک نئی انتظامی ترتیب بنانا ہوگی،یہ سب کچھ ایک دن یا چند ہفتوں میں ممکن نہیں، اس کے لیے تجربہ، منصوبہ بندی، ادارہ جاتی سمجھ بوجھ اور سب سے بڑھ کر انتظامی تسلسل درکار ہوگا۔

ان تمام پیچیدگیوں کے پیش نظر ایک تجویز زیر غور بتائی جا رہی ہے کہ نئے صوبوں میں باقاعدہ منتخب حکومتوں کے قیام تک ایک سال یا اس سے زائد عرصے کیلئے ریٹائرڈ سینئر بیوروکریٹس کو ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا جائے، ان کے ماتحت مختلف شعبوں کے ماہرین، ٹیکنوکریٹس اور انتظامی افسروں پر مشتمل کمیٹیاں کام کریں جو نئے صوبوں کا مکمل انتظامی ڈھانچہ تشکیل دینے کی ذمہ داری سنبھالیں،یہ تجویز اپنی جگہ خاصی اہمیت رکھتی ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ کسی نئے صوبے کا انتظام چلانے کیلئےایسے شخص کی ضرورت ہوگی جو صوبائی حکومت کے کام کرنے کے طریقہ کار، سیکرٹریٹ کی روایات، فیلڈ انتظامیہ، پولیس، ریونیو، ترقیاتی منصوبوں اور مالیاتی معاملات کو اندر سے سمجھتا ہو،اس تناظر میں پنجاب کے سابق سینئر بیوروکریٹس زیادہ موزوں امیدوار دکھائی دیتے ہیں، ایسے افسر جنہوں نے طویل عرصہ پنجاب میں خدمات انجام دی ہوں، سیکرٹریٹ میں اہم محکموں کے سربراہ رہے ہوں، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے طور پر فیلڈ میں کام کیا ہو اور انہیں صوبے کے انتظامی، سیاسی اور سماجی مزاج کا بھی بخوبی علم ہو۔

یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ ایسے سابق افسروں کے پرانے سروس چارٹ، تعیناتیوں کی تفصیلات اور انتظامی تجربے کا جائزہ لیا جا رہا ہے، بعض افسروں کے ناموں اور ان کے سابقہ انتظامی ریکارڈ پر خاموشی سے غور و فکر کی اطلاعات بھی سامنے آ رہی ہیں، تاہم ابھی کسی نام کو حتمی سمجھنا قبل از وقت ہوگا،بتایا جا رہا ہے کہ ریٹائرڈ بیوروکریٹ ناصر محمود کھوسہ ،میجر اعظم سلیمان ،یوسف نسیم کھوکھر،خضر حیات گوندل،نجیب اللہ ملک،تیمور عظمت عثمان ،کیپٹن زاہد سعید سمیت کئی دوسرے ناموں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے،یہاں ایک اہم نکتہ سمجھنے کی ضرورت ہے، کسی افسر کا چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری یا کمشنر رہنا اس بات کی ضمانت نہیں کہ وہ ایک نئے صوبے کے قیام کے عبوری مرحلے کو کامیابی سے چلا سکے گا، ایڈمنسٹریٹر کیلئے انتظامی تجربے کے ساتھ غیر جانب داری، فیصلہ سازی کی صلاحیت، مالیاتی معاملات پر گرفت، مختلف اداروں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کی اہلیت اور دباؤ میں درست فیصلے کرنے کا حوصلہ بھی ضروری ہوگا،یہ عہدہ کسی سابق افسر کیلئےاقتدار کے حصول کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک غیر معمولی قومی ذمہ داری ہوگی اور وہ سیاسی جماعتوں، مقامی گروہوں اور بااثر شخصیات کے دباؤ سے آزاد ہو کر کام کرے گا،اس کے لیے ضروری ہوگا کہ ایڈمنسٹریٹر کے اختیارات، مدت ، ذمہ داریاں اور جواب دہی کا طریقہ پہلے سے طے کیا جائے، آئینی اور قانونی بنیاد واضح ہو اور عبوری انتظامیہ کو کسی غیر معینہ مدت تک چلانے کی گنجائش نہ ہو، ایڈمنسٹریٹر کا بنیادی کام مستقل حکومتی نظام قائم کرنا نہیں بلکہ منتخب حکومت کے لیے ایک مضبوط اور قابل عمل انتظامی ڈھانچہ تیار کرنا ہونا چاہیے۔

پنجاب کی تقسیم کا سب سے بڑا چیلنج موجودہ انتظامی مشینری کی تقسیم ہوگا، آج پنجاب میں ایک چیف سیکرٹری، ایک آئی جی پولیس، مختلف محکموں کے صوبائی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ان کے ماتحت ہزاروں افسر و ملازمین کام کر رہے ہیں، نئے صوبوں کے قیام کے بعد یہ طے کرنا ہوگا کہ کون سا افسر کس صوبے میں جائے گا، کس محکمے کا ہیڈ آفس کہاں قائم ہوگا اور کس علاقے کے ملازمین کس صوبائی حکومت کے ماتحت ہوں گے،اسی طرح صوبائی سروس اور وفاقی سروس کے افسروں کی تقسیم بھی ایک پیچیدہ معاملہ ہوگا، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس، صوبائی مینجمنٹ سروس اور دیگر محکموں کے افسروں کی نئی تعیناتیوں اور کیڈر کے معاملات طے کرنا ہونگے، کسی افسر کو اس کی مرضی، سنیارٹی اور سروس مفادات کیخلاف کسی نئے صوبے میں بھیجنے سے تنازعات پیدا ہو سکتے ہیں، اسلئے اس پورے عمل میں واضح پالیسی اور قانونی تحفظ ضروری ہوگا۔

مالیاتی تقسیم اس سے بھی بڑا چیلنج ہے، موجودہ صوبائی بجٹ، ٹیکس ریونیو، ترقیاتی فنڈز، سرکاری اثاثوں، قرضوں اور واجبات کی تقسیم کس فارمولے کے تحت ہوگی؟ کس صوبے کو کتنے وسائل ملیں گے؟ بڑے ترقیاتی منصوبوں اور جاری اسکیموں کی ذمہ داری کس کے پاس ہوگی؟ ان سوالات کے جواب صرف انتظامی احکامات سے نہیں مل سکتے، ان کیلئے ماہرین معاشیات، مالیاتی اداروں اور آئینی ماہرین کی مدد درکار ہوگی،دریاؤں کے پانی، نہری نظام، آبپاشی کے وسائل اور زرعی معیشت سے متعلق معاملات بھی خصوصی توجہ چاہتے ہیں، پنجاب کی جغرافیائی اور معاشی تقسیم میں پانی کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

میری رائے میں ہر نئے صوبے کے ایڈمنسٹریٹر کے ماتحت مختلف شعبوں کی الگ الگ کمیٹیاں ہونی چاہئیں، ان میں مالیات، ریونیو، پولیس، تعلیم، صحت، آبپاشی، زراعت، بلدیات، قانون اور انسانی وسائل کے ماہرین شامل ہوں، یہ کمیٹیاں محض کاغذی سفارشات تیار نہ کریں بلکہ مستقبل کی ضروریات کا مکمل ریکارڈ تیار کریں،اس کے ساتھ ایک مرکزی کوآرڈینیشن کمیٹی بھی ہونی چاہیے جو چاروں نئے صوبوں کے درمیان مشترکہ معاملات کو دیکھے، تاکہ ایک ہی صوبے کے فیصلے سے دوسرے صوبے کے مفادات متاثر نہ ہوں،انتخابی حلقہ بندیوں اور انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کو ابتدا ہی سے اس عمل میں شریک کرنا ہوگا، عبوری دور کے پہلے سو دن، چھ ماہ اور ایک سال کے اہداف مقرر کیے جائیں اور ان کی پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے،ایک اور اہم مسئلہ اخراجات کا ہے، چار صوبوں کے قیام کے بعد نئے گورنر ہاؤسز، وزیراعلیٰ ہاؤسز، اسمبلیاں، سیکرٹریٹ، پولیس ہیڈکوارٹرز اور دیگر سرکاری دفاتر قائم کرنے کی ضرورت پیش آئے گی، اس کے ساتھ نئی گاڑیاں، رہائش گاہیں، عملہ، پروٹوکول اور سرکاری مراعات بھی ایک بڑا مالی بوجھ بن سکتے ہیں،یہاں اصل امتحان تجربہ کار بیوروکریسی کا ہوگا،پنجاب کو چار انتظامی صوبوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ اگر عملی شکل اختیار کرتا ہے تو یہ انتظامی تاریخ کا ایک بڑا تجربہ ہوگا، اس تجربے کی کامیابی کا انحصار سیاسی قیادت کے فیصلے کے ساتھ ساتھ ان لوگوں پر بھی ہوگا جو اس تقسیم کو عملی شکل دیں گے۔