اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 9 اپریل کو لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا۔اسلام آباد میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں جلسے کی تاریخ کا اعلان کیا۔
پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر نے کہا کہ 9 اپریل کو لیاقت باغ میں جلسہ ہوگا، ہم پر امن لوگ ہیں اور احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق ہے، اگر ہمیں روکا گیا تو احتجاج ہر جگہ کیا جائے گا۔سہیل آفریدی نے کہا کہ سب کو یہ سوچنا چاہیے کہ 4 سال میں ہم کہاں سے کہاں پہنچ گئے، اور 9 اپریل 2022 کو ہماری حکومت الٹنے کا فیصلہ بند کمروں میں کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں جی ڈی پی 6.1 فیصد تھی، جبکہ آج ملک میں 45 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے آ گئے ہیں۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ حکمرانوں کا مقصد صرف بانی پی ٹی آئی کی آواز بند کرنا ہے، ہم مسلح جتھے نہیں بلکہ سیاسی لوگ ہیں۔
سہیل آفریدی نے خبردار کیا کہ خیبر پختونخوا میں ہونے والی بے امنی پورے ملک پر اثر ڈالے گی، اور حکومت صرف جلسے کا این او سی جاری کرے، ہر انتظام پارٹی خود کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت جب چاہے خیبر پختونخوا آئے، ہم جلسے کا انتظام فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

