راولپنڈی(نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے نام پر ووٹ لے کر وفاداری تبدیل کرنا دھوکا دہی ہے۔
راولپنڈی کے اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ وفاق نے صوبے سے جو رقم طلب کی ہے، اسے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے مشروط کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد فیصلہ ہوگا کہ صوبہ وفاق کو مطلوبہ رقم ادا کرے گا یا نہیں۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ وفاق کی جانب سے قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لیے صوبوں سے رقم مانگی جا رہی ہے، جس کے لیے صوبوں کو اپنے اخراجات میں سے فنڈز نکالنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات سابق قبائلی علاقوں سے متعلق معاملات پر ہوئی تھی، جہاں بعض معاہدوں کے برعکس ٹیکس عائد کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے کسی اور موضوع پر بات نہیں ہوئی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بعض دوستوں کا خیال تھا کہ اگر خیبر پختونخوا میں بجٹ منظور نہ ہوا تو وفاق پر بوجھ بڑھے گا، تاہم انہیں اس بات کا علم نہیں کہ بجٹ منظور نہ ہونے سے وفاق پر کس طرح بوجھ بڑھتا۔
انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ اگر بجٹ منظور نہ کیا جاتا تو صوبائی حکومت کا نظام چلانا ممکن نہ رہتا۔ تین ماہ کے بجٹ کی تجویز زیر غور آئی تھی لیکن بالآخر پورے مالی سال کا بجٹ منظور کیا گیا۔
گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ وہاں جو کچھ ہوا وہ اچھی مثال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ دوسری جانب چلے گئے ہیں انہیں پارٹی سے نکال دیا جائے گا کیونکہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ اور نام پر ووٹ لے کر وفاداری تبدیل کرنا عوام کے اعتماد سے دھوکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے مشاورت جاری ہے اور وہاں کی صورتحال قابل تشویش ہے، جس پر ٹھنڈے دل و دماغ کے ساتھ غور کرنے کی ضرورت ہے۔

