لیما(پیرو وزارتِ ٹرانسپورٹ، خبر ایجنسیاں) جنوبی امریکی ملک پیرو میں سیاحوں کا ایک چھوٹا طیارہ نازکا لائنز کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثے کے وقت طیارہ نازکا لائنز کے قریب پرواز کر رہا تھا۔
پیرو کی وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق طیارے میں عملے کے 2 ارکان سمیت 11 سیاح سوار تھے، جن کا تعلق جرمنی، اٹلی اور اسپین سے تھا۔حکام کے مطابق طیارے کے عملے نے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے ہنگامی صورتحال کی اطلاع دی، جس کے کچھ ہی دیر بعد کنٹرول ٹاور سے اس کا رابطہ منقطع ہوگیا۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیموں کو جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نازکا لائنز کے قریب واقع آثارِ قدیمہ کو دیکھنے کیلئے ہر سال ایک لاکھ سے زائد سیاح آتے ہیں، اور یہ علاقہ پیرو کے اہم ترین سیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔

