پیٹرولیم لیوی سے متعلق سوال پر وزیر پیٹرولیم کا جواب گول

اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل پر عائد لیوی ان کے پاس نہیں آتی، جن کے پاس جاتی ہے ان سے پوچھا جائے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ بجلی اور کھاد کی پیداوار کیلئےتوانائی ضروریات پوری کی جائیں گی گرمی بڑھنے کے ساتھ بجلی پیداوار کیلئے ایندھن کی طلب میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کھاد کی تیاری کے لیے گیس کی فراہمی یقینی بنائے گی تاکہ زرعی شعبے کی ضروریات متاثر نہ ہوں۔پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی کا ہدف پورا ہونے سے متعلق سوال پر وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ لیوی ان کے پاس نہیں آتی، اس بارے میں متعلقہ اداروں سے پوچھا جائے۔

اس سے قبل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن حکام نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت سے متعلق خدشات پر بریفنگ دی۔

اجلاس کے دوران علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے ساتھ پیٹرول اور ڈیزل پر 80، 80 روپے لیوی کا ہدف طے ہے جسے پورا کرنا ضروری تھا۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پیٹرولیم اسٹاکس کمپنیوں کے پاس موجود ہیں جبکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو مرحلہ وار ڈی ریگولیٹ کیا جائے گا، معاملے کا جائزہ ایف آئی اے بھی لے رہی ہے۔