پیانگ یانگ( چینی سرکاری میڈیا)چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور شمالی کوریا کو اپنے اسٹریٹیجک تعاون کو مزید مضبوط بناتے ہوئے خودمختاری اور سلامتی کے مشترکہ مفادات کا بھرپور تحفظ کرنا چاہیے۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق صدر شی جن پنگ دورۂ شمالی کوریا کے دوران پیانگ یانگ پہنچے، جہاں ان کی شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن سے وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے تجارت، زراعت، تعمیرات، ٹیکنالوجی اور دیگر مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا اور باہمی تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر صدر شی جن پنگ نے کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی اسٹریٹیجک تعاون کو مزید مستحکم کرنا چاہیے اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنا چاہیے۔
شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے کہا کہ شمالی کوریا اور چین کے تعلقات مضبوط اور ناقابلِ شکست ہیں، جبکہ دونوں ملکوں کی دوستی کو مزید مستحکم کرنا شمالی کوریا کا ناقابلِ تبدیل اسٹریٹیجک انتخاب ہے۔

