چین: چونگ کنگ میں لینڈ سلائیڈنگ، 8 افراد ہلاک، 34 لاپتہ

بیجنگ/چونگ کنگ (شِنہوا/سی سی ٹی وی/رائٹرز) چین کے شہر چونگ کنگ میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے 8 افراد ہلاک جبکہ 34 لاپتہ ہو گئے ہیں، جبکہ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

چینی میڈیا کے مطابق مٹی اور چٹانوں کے بڑے پیمانے پر تودے گرنے سے 10 سے زائد عمارتیں ملبے تلے دب گئیں، جبکہ اس آفت کے نتیجے میں 11 سو سے زائد افراد بے گھر ہو گئے۔حکام کا کہنا ہے کہ مسلسل موسلادھار بارشوں کے باعث یہ لینڈ سلائیڈنگ پیش آئی، جس نے وسیع علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

چینی حکام کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے اب تک ملبے سے 10 افراد کو زندہ نکال لیا ہے، جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔ حکام نے 8 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ 34 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

حکام کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ تقریباً 18 ہزار کیوبک میٹر ملبے اور چٹانوں پر مشتمل تھی، جس نے رہائشی علاقے کو شدید متاثر کیا۔علاقائی منصوبہ بندی کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ حالیہ خراب موسمی حالات کے باعث مزید لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے، جس کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں نگرانی اور احتیاطی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔