چینی صدر شی جن پنگ کا مشرقِ وسطیٰ میں لڑائی روکنے اور مذاکرات پر زور

بیجنگ(بین الاقوامی میڈیا رپورٹس)چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال میں مذاکرات کو خصوصی اہمیت حاصل ہے اور لڑائی کو فوری طور پر روکنا ضروری ہے۔یہ بات انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ بیجنگ کے گریٹ ہال آف پیپل میں ہونے والی ملاقات کے دوران کہی۔

چینی صدر نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے سے توانائی کی سپلائی کے استحکام میں مدد ملے گی جبکہ عالمی تجارتی نظام میں پیدا ہونے والی رکاوٹیں بھی کم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ چین اور روس کو ایک منصفانہ اور معقول عالمی گورننس نظام کی تشکیل کو فروغ دینا چاہیے اور دونوں ممالک کے تعلقات کی کامیابی کی بنیاد سیاسی اعتماد اور اسٹریٹجک تعاون ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ روس اور چین کو ایک دوسرے کی ترقی اور بحالی میں تعاون جاری رکھنا چاہیے۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ روس اور چین کے تعلقات غیر معمولی سطح پر ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون مثبت سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک عالمی استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور مشرقِ وسطیٰ کے بحران کے دوران روس ایک قابلِ اعتماد توانائی فراہم کنندہ ہے۔ملاقات کے دوران ولادیمیر پیوٹن نے چینی صدر کو آئندہ سال روس کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔