ڈیرہ اسماعیل خان اور اسلام آباد میں رہائشگاہوں سے تمام سیکیورٹی واپس لے لی گئی: مولانا فضل الرحمان

مولانا اسعد محمود، عطاء الرحمان اور لطف الرحمان کی سیکیورٹی بھی ختم، اسلام آباد رہائشگاہ کے باہر پولیس کا ناکہ
مہمانوں سے پوچھ گچھ قائد جمعیت کو نقصان پہنچا تو ذمہ داری وزیراعظم اور وزیر داخلہ پر ہوگی: ترجمان جے یو آئی

اسلام آباد / ڈیرہ اسماعیل خان (نمائندہ خصوصی) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ان کی ڈیرہ اسماعیل خان اور اسلام آباد میں واقع رہائشگاہوں سے تمام سرکاری سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، جبکہ اسلام آباد میں رہائشگاہ کے باہر پولیس نے ناکہ لگا کر گھر آنے والے مہمانوں سے پوچھ گچھ بھی شروع کر دی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی نے تصدیق کی کہ ان کی دونوں رہائشگاہوں پر تعینات حکومتی سیکیورٹی ہٹا لی گئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع اور پارٹی اعلامیے کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی رہائشگاہ پر تعینات فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے پلاٹون، پولیس اہلکاروں اور موبائل سیکیورٹی گاڑی کو واپس بلالیا گیا ہے۔ اسی طرح مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود کی سیکیورٹی پر مامور ایف سی اور پولیس اہلکاروں کو بھی فوری طور پر واپس رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا، جبکہ سینیٹر مولانا عطاء الرحمان اور مولانا لطف الرحمان کی سیکیورٹی بھی ختم کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب جے یو آئی کے مرکزی ترجمان اسلم غوری نے سیکیورٹی واپس لینے کے اقدام کو ’’بدترین فسطائیت‘‘ قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اور مولانا اسعد محمود پر ماضی میں متعدد خودکش حملے ہو چکے ہیں، ایک طرف تھریٹ الرٹ جاری کیے جاتے ہیں اور دوسری طرف سیکیورٹی واپس لی جا رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ قائد جمعیت کی جان و سلامتی کے معاملے پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر انہیں کوئی نقصان پہنچا تو اس کی تمام تر ذمہ داری وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ پر عائد ہوگی۔

ادھر جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ کے اطراف پولیس ناکہ بندی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلا اشتعال کارروائیوں کے ذریعے سیاسی قیادت کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں اور وکلاء کو ہدایت کی کہ وہ ہوشیار اور تیار رہیں کیونکہ قائدین کے تحفظ کے لیے کسی بھی وقت کال دی جا سکتی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سی ڈی اے (CDA) کی جانب سے اسلام آباد رہائشگاہ پر سیکیورٹی کیبن ہٹانے کے نوٹس اور نیب و ایف آئی اے کی کارروائیوں کے بعد حکومت اور جے یو آئی کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔