کسی شرارت یا بے امنی پر مزید تحمل نہیں کرینگے:ایرانی ترجمان

تہران( ایرانی میڈیا)ایران کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے ترجمان ابراہیم رضائی نے کہا ہے کہ ایران اب خطے میں کسی بھی قسم کی شرارت یا بے امنی پر مزید تحمل کا مظاہرہ نہیں کرے گا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں توازن قائم رکھنے کے عمل میں شامل ہے اور اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔

ابراہیم رضائی کے مطابق ایسے اقدامات کے نتائج دیگر فریقین کے لیے بھی مشکلات پیدا کر سکتے ہیں، تاہم ایران اپنی پالیسی سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران اب کسی بھی اشتعال انگیزی یا بے امنی پر نرم رویہ اختیار نہیں کرے گا، اور اس کے اثرات بعض فریقین خصوصاً امریکا کو بھی محسوس ہوں گے۔

اس سے قبل ایک بیان میں ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیٹی کے ترجمان نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی رویہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ سفارت کاری کے بجائے طاقت کی زبان کو زیادہ سمجھتے ہیں۔ابراہیم رضائی نے ایرانی مسلح افواج، بالخصوص پاسدارانِ انقلاب کی بحری اور فضائی فورسز کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا اور ان کی تیاریوں اور کردار کو سراہا۔