کور کمانڈرز کانفرنس:دہشت گرد نیٹ ورکس کے خاتمے تک آپریشنل رفتار برقرار رکھنے کا عزم

راولپنڈی ( آئی ایس پی آر)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت ہونیوالی 275ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے، اُن کے معاون انفرااسٹرکچر کی تباہی اور پاکستان کی سرزمین کو کسی بھی شر انگیز کارروائی سے محفوظ بنانے کیلئےموجودہ آپریشنل رفتار برقرار رکھی جائے گی۔

کانفرنس میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہریوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔فورم نے پاکستان کی مسلح افواج کی تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

کانفرنس میں کہا گیا کہ افغان طالبان حکومت حالیہ دنوں میں پاکستان پر افغانستان کے اندر شہریوں کو نشانہ بنانے کے بے بنیاد الزامات عائد کر رہی ہے، جو ایک منظم پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہیں، جن کا مقصد اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا ہے۔فورم نے واضح کیا کہ پاکستان ان الزامات کو مسترد کرتا ہے اور اس کی دفاعی کارروائیاں صرف دراندازوں، دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور معاون ڈھانچے کیخلاف درست اہداف پر مبنی ہوتی ہیں۔

شرکاء نے علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ابھرتی ہوئی جیو پولیٹیکل پیش رفت خطے کے استحکام پر اثر انداز ہو سکتی ہیں، اس لیے تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ ناگزیر ہے۔کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کیلئے مسلسل مثبت کردار ادا کرتا رہے گا اور کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے “معرکۂ حق” کا ایک سال مکمل ہونے پر قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ قومی اتحاد، اجتماعی عزم اور خود مختاری کے تحفظ کے غیر متزلزل عہد کی عکاسی کرتا ہے، اور عوام، حکومت اور افواج کے درمیان مضبوط ہم آہنگی کی علامت ہے۔