کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی قیادت کا چیف جسٹسز کو خط، عدالتی احکامات پر عملدرآمد کا مطالبہ

شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید کے مشترکہ خط میں
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی صحت پر تحفظات کا اظہارسپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم کے باوجود
بانی کو اسپتال منتقل نہ کرنے کی نشاندہی،عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے احتساب کا مطالبہ

لاہور (نمائندہ خصوصی) کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید پی ٹی آئی قیادت نے چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو خط تحریر کیے ہیں، جن میں عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید نے اپنے مشترکہ خط میں کہا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کو بغیر ٹھوس شواہد کے مقدمات اور سزاؤں کا سامنا ہے۔ خط کے متن کے مطابق قید رہنما کسی سیاسی رعایت یا خصوصی سلوک کے طلبگار نہیں بلکہ آئین کی بالادستی اور بنیادی حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں، اور اگر عدالتیں فوری انصاف فراہم نہیں کر سکتیں تو کم از کم اپنے احکامات پر عملدرآمد تو یقینی بنائیں۔

خط میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جسمانی اور ذہنی صحت سے متعلق سنگین تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست 2026 کو بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور طبی معائنے کے لیے ماہر امراض قلب اور آنکھوں کے ڈاکٹر پر مشتمل میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیا تھا، تاہم سپریم کورٹ کے واضح حکم کے باوجود انہیں اسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔

خط میں چیف جسٹس پاکستان کی جانب سے ملک میں جیل اصلاحات کے لیے قومی سطح پر کیے جانے والے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جیل اصلاحات کا مقصد قیدیوں کے حقوق، انسانی وقار کی بحالی اور احتساب کو یقینی بنانا ہے، جبکہ سابق وزیراعظم کے آئینی حقوق اور سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل نہ ہونا جیل اصلاحات کے دعوؤں پر سوالیہ نشان ہے۔

رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا کہ جیل کی دیواروں کے پیچھے بھی شہریوں کے آئینی حقوق ختم نہیں ہوتے، لہٰذا بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو فوری طبی سہولیات، ڈاکٹروں تک رسائی اور علاج فراہم کیا جائے اور ان کے طبی معائنے و فالو اَپ علاج میں مزید تاخیر نہ کی جائے۔ خط میں بانی کے اہلخانہ، وکلا اور بیٹوں سے ملاقاتوں کے عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

مشترکہ خط میں قید سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کے زیر التوا مقدمات اور اپیلوں پر غیر جانبدارانہ و فوری فیصلوں، سیاسی و انتظامی مداخلت سے پاک عدالتی کارروائی، عدالتی احکامات کی دانستہ خلاف ورزی کرنے والوں کے احتساب اور عدلیہ کی آزادی، وقار اور آئینی اختیار کے تحفظ کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔