کوکرین (سی بی سی نیوز) کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے قصبے کوکرین میں میئر کے انتخاب میں سلوی شارون لیمیو نے کامیابی حاصل کرکے تاریخ رقم کردی۔ وہ قصبے کی تاریخ میں میئر منتخب ہونیوالی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔
بلدیہ کی جانب سے جاری کردہ انتخابی نتائج کے مطابق سابق کونسلر سلوی شارون لیمیو نے 1 ہزار 894 ووٹ حاصل کیے، جو مجموعی ووٹوں کا 84.7 فیصد بنتے ہیں۔ اس طرح انہوں نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے میئر کا منصب سنبھال لیا ہے۔
سلوی شارون لیمیو سبکدوش ہونے والے میئر پیٹر پولیٹس کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گی، جنہوں نے اس مرتبہ دوبارہ انتخاب میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
سلوی شارون لیمیو کی کامیابی کو کوکرین کی بلدیاتی سیاست میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس سے قبل قصبے کی تاریخ میں کوئی خاتون میئر منتخب نہیں ہوئی تھی۔ ان کی کامیابی کے ساتھ کوکرین کو پہلی مرتبہ خاتون میئر کی قیادت حاصل ہوگی۔

