کویت ایئرپورٹ حملہ:ایران اور امریکہ کےایک دوسرے پرالزامات

کویت / تہران / واشنگٹن ( ایرانی فوج، امریکی سینٹ کام، کویتی حکام)کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے ایران اور امریکہ کے درمیان سخت بیانات کا تبادلہ ہوا ہے، جس میں دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

ایران کی فوج کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابراہیم ذوالفقاری نے کہا ہے کہ ایران نے کویت ایئرپورٹ کو نشانہ نہیں بنایا۔ ان کے مطابق ایئرپورٹ پر ہونے والا نقصان امریکی دفاعی میزائل سسٹم پیٹریاٹ میں خرابی کے باعث ہوا، نہ کہ کسی حملے کے نتیجے میں۔

تاہم دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران کے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کویت کے شہری ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ کیا گیا تھا۔ سینٹ کام کے مطابق یہ حملہ “جان بوجھ کر، منصوبہ بند اور بلاجواز” تھا اور ایرانی ڈرونز نے براہِ راست مسافر ٹرمینل کو نشانہ بنایا۔

ادھر کویتی حکام کے مطابق واقعے میں ایئرپورٹ کے بعض حصوں کو نقصان پہنچا، تاہم نقصان کی اصل نوعیت اور ذمہ داری کے تعین کیلئےتحقیقات جاری ہیں۔اس واقعے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، جبکہ فریقین ایک دوسرے کے دعووں کو سختی سے رد کر رہے ہیں۔