کویت سٹی:ایرانی حملوں میں کویت کی اہم تیل تنصیب کو نقصان، متعدد افراد زخمی

کویت سٹی (ایجنسیاں) کویت پیٹرولیم کارپوریشن نے کہا ہے کہ ایران کے بار بار کیے گئے حملوں میں اس کی ایک اہم تیل تنصیب کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق کویت پیٹرولیم کارپوریشن نے اپنے بیان میں کہا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے اور متاثرہ مقام کو خالی کرا لیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ سرکاری اداروں کے تعاون سے صورتحال پر قابو پانے اور حملے کے اثرات سے نمٹنے کے اقدامات جاری ہیں۔

ادھر کویت کی وزارتِ بجلی، پانی اور قابلِ تجدید توانائی نے بھی بتایا کہ ہفتے کی صبح ایرانی حملوں کے بعد بجلی کی پیداوار اور سمندری پانی کو میٹھا بنانے والے ایک پلانٹ کے حصے میں آگ بھڑک اٹھی، جس پر قابو پانے کے لیے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں شدید اضافہ ہو گیا ہے۔ امریکا کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد تہران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے خطے کے متعدد ممالک، جن میں کویت بھی شامل ہے، میں موجود اہداف کو نشانہ بنایا۔ کویت میں امریکی فوجی تنصیبات بھی موجود ہیں۔

امریکا اور ایران کے درمیان یہ تازہ کشیدگی جون میں پاکستان کی ثالثی میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے باوجود سامنے آئی ہے، جس کا مقصد جنگ کا خاتمہ اور دیرپا امن کے لیے راہ ہموار کرنا تھا۔