کویت نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدے کی منظوری دے دی

کویت سٹی (کویت الیوم، عرب میڈیا) کویتی حکومت نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی، جسے حکم نامہ نمبر 73 برائے 2026 کے تحت سرکاری گزٹ کویت الیوم میں شائع کر دیا گیا۔

معاہدے کے مطابق، جس پر 11 جون 2023 کو کویت میں دستخط ہوئے تھے، دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے، فوجی تربیت، تعلیم، لاجسٹک تعاون، فوجی اہلکاروں کے تبادلے، تکنیکی و سائنسی تعاون اور ملٹری انٹیلی جنس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے ایک جامع فریم ورک قائم کیا جائے گا۔

معاہدے کے تحت دونوں ممالک سالانہ ایگزیکٹو پروٹوکول اور پروگرام مرتب کریں گے، جبکہ رابطہ کاری اور عملدرآمد کی نگرانی کیلئے ایک مشترکہ فوجی کمیٹی قائم کی جائے گی، جو سال میں ایک مرتبہ اجلاس منعقد کرے گی۔

معاہدے میں تبادلہ ہونے والی خفیہ معلومات اور دستاویزات کے تحفظ کو یقینی بنانے کی شقیں بھی شامل ہیں، جن کے تحت کسی بھی معلومات کو دوسرے فریق کی تحریری اجازت کے بغیر کسی تیسرے فریق کے ساتھ شیئر نہیں کیا جا سکے گا۔

اس کے علاوہ سرکاری وفود کے اندرونِ ملک سفر، رہائش اور ہنگامی طبی اخراجات میزبان ملک برداشت کرے گا، جبکہ معاہدے سے متعلق کسی بھی تنازع کو باہمی مشاورت کے ذریعے حل کیا جائے گا اور اسے کسی بین الاقوامی یا ملکی عدالت میں نہیں لے جایا جائے گا۔