کویت پر ایرانی میزائل اور ڈرون حملے، بھارتی شہری ہلاک، متعدد افراد زخمی

کویت سٹی(رائٹرز، ایسوسی ایٹڈ پریس، عرب نیوز، ٹائمز آف انڈیا)کویت میں ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں ایک بھارتی شہری ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ حملوں میں کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سمیت اہم شہری تنصیبات کو نقصان پہنچا۔

کویتی وزارتِ دفاع کے ترجمان میجر جنرل سعود عبدالعزیز العطیبی نے بتایا کہ بدھ کے روز ملک میں میزائلوں اور ڈرونز کے خطرے کے باعث پانچ مرتبہ جنگی سائرن بجائے گئے۔ فضائی دفاعی نظام نے متعدد ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کی نشاندہی کی اور کئی حملوں کو ناکام بنایا۔

کویتی حکام کے مطابق بعض میزائلوں اور ڈرونز کے ملبے کے رہائشی علاقوں اور اہم تنصیبات پر گرنے سے جانی و مالی نقصان ہوا۔ حملوں کے نتیجے میں کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مسافر ٹرمینل کو شدید نقصان پہنچا اور پروازوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کرنا پڑی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ اور بھارتی سفارتی حکام نے تصدیق کی ہے کہ حملوں میں ہلاک ہونے والا شخص بھارتی شہری تھا، جبکہ زخمیوں کی تعداد کے بارے میں مختلف اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ بھارتی سفارت خانے نے متاثرہ خاندان سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

کویتی وزارتِ خارجہ نے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری اور اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔کویت پر حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب خلیجی خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے باعث علاقائی سلامتی سے متعلق خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔