کیرولین پیرش کی انتخابی مہم کا آغاز، ٹیکس کم کرنے اور مسی ساگا کو مزید ترقی دینے کا عزم

مسی ساگا (اشرف خان لودھی سے) مسی ساگا کی میئر کیرولین پیرش نے اپنے انتخابی دفتر کے افتتاح اور انتخابی مہم کے آغاز کے موقع پر شہر کے ٹیکس دہندگان پر مالی بوجھ کم کرنے، پیل ریجنل پولیس کے اخراجات کی منصفانہ تقسیم، نوجوانوں اور بزرگ شہریوں کیلئے سہولیات میں اضافے، سیلاب سے بچاؤ، صنعتی سرمایہ کاری اور شہر کے مرکز کی ازسرنو تعمیر کے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے 40 سالہ سیاسی و حکومتی تجربے کو بروئے کار لا کر مسی ساگا کو مزید مضبوط اور خوشحال بنانا چاہتی ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیرولین پیرش نے کہا کہ انہوں نے مختلف سطحوں پر 40 برس تک مسی ساگا کی نمائندگی کی ہے اور اب بھی شہر سے دستبردار ہونے کا کوئی ارادہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسی ساگا سے محبت کرتی ہیں اور شہریوں کے ٹیکس کے پیسوں کی حفاظت کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔

کیرولین پیرش نے کہا کہ انہوں نے سٹی کونسل کی حمایت سے متعدد اقدامات کیے ہیں جن کے نتیجے میں شہریوں کے ٹیکس کم ہوں گے، تاہم اس عمل میں کچھ وقت لگے گا۔ انہوں نے ایک حریف امیدوار کی جانب سے ٹیکسوں میں 37.5 فیصد اضافے سے متعلق دعوے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اقتدار میں رہتے ہوئے ٹیکسوں میں جتنا اور جتنی جلد ممکن ہو کمی لانے کی کوشش کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ کیلڈن کے ساتھ مسی ساگا کے تعلقات کو قانون سازی کے ذریعے تبدیل کرنے کے نتیجے میں شہر کو مالی فائدہ ہوگا۔ ان کے مطابق کچرے کی صفائی کے انتظامات سے مسی ساگا کو سالانہ ایک کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی بچت ہوگی، کیونکہ شہر کیلڈن کو سبسڈی فراہم کر رہا تھا۔

کیرولین پیرش نے کہا کہ علاقائی سڑکوں کے معاملے میں بھی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں تاکہ مسی ساگا اپنی سڑکوں کی دیکھ بھال خود کرے اور کیلڈن کو سالانہ تقریباً 3 کروڑ ڈالر کی مبینہ سبسڈی کا بوجھ ختم ہو۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں معاملات سے متعلق قانون سازی 2027 میں نافذ العمل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ان تبدیلیوں کا مکمل مالی اثر شہریوں کو 2028 کے ٹیکس بل میں نظر آنا شروع ہوگا۔

پیل ریجنل پولیس کے اخراجات کا ذکر کرتے ہوئے کیرولین پیرش نے کہا کہ مسی ساگا اس وقت پولیس کے کل بل کا 62 فیصد ادا کر رہی ہے جبکہ برامپٹن 38 فیصد ادا کرتا ہے۔ ان کے مطابق برامپٹن کی آبادی تقریباً 10 لاکھ جبکہ مسی ساگا کی آبادی تقریباً ساڑھے 7 لاکھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے اونٹاریو کے وزیر اعلیٰ ڈگ فورڈ کو اعداد و شمار دکھائے اور بتایا کہ گزشتہ 5 برس میں مسی ساگا نے برامپٹن کو شہریوں کے ٹیکس سے 39 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی مبینہ سبسڈی دی ہے۔ ان کے مطابق وزیر اعلیٰ نے بھی تسلیم کیا کہ یہ صورت حال منصفانہ نہیں اور اسے درست کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

کیرولین پیرش نے کہا کہ رواں سال بھی مسی ساگا نے برامپٹن کو تقریباً 10 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی سبسڈی دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کیلئے زیادہ رقم خرچ کرنے پر انہیں اعتراض نہیں، لیکن مسی ساگا کو اپنے حصے سے زیادہ مالی بوجھ برداشت نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کے بجٹ میں گزشتہ برسوں کے دوران نمایاں اضافہ ہوا ہے اور مسی ساگا کے شہری محفوظ گلیاں اور محفوظ محلے چاہتے ہیں، تاہم پولیس کے اخراجات کی تقسیم آبادی اور حقیقی ضرورت کے مطابق منصفانہ ہونی چاہیے۔

کیرولین پیرش نے مالٹن میں نوجوانوں کیلئے قائم کیے گئے مرکز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے سوئمنگ پول کو نوجوان مرکز میں تبدیل کیا گیا جو مزید قابلِ استعمال نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس مرکز میں ایسے تقریباً 400 بچوں کو کھانا فراہم کیا جاتا ہے جن کے پاس ناشتہ اور دوپہر کا کھانا دستیاب نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ بعض بچے دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد بچا ہوا کھانا اپنے گھر لے جانے کی درخواست کرتے ہیں تاکہ وہ اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کو بھی کھلا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلور اور ڈکسی کے قریب گلین فارسٹ میں دوسرے نوجوان مرکز کیلئے زمین خریدی جاچکی ہے، جبکہ انتخاب جیتنے کی صورت میں کلارکسن میں تیسرا نوجوان مرکز قائم کرنے کا ارادہ ہے۔

میئر کیرولین پیرش نے کہا کہ نوجوانوں، بزرگ شہریوں، ٹیکس دہندگان اور شہریوں کی حفاظت ان کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مسی ساگا میں بزرگ شہریوں کیلئے کیے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں شہر کو بزرگ دوست حکومت کے طور پر آگے بڑھایا گیا، بزرگوں کیلئے عوامی نقل و حمل، کمیونٹی مراکز، ورزش گاہوں اور سوئمنگ پولز تک مفت رسائی سمیت مختلف سہولیات فراہم کی گئیں۔

کیرولین پیرش نے کہا کہ بزرگ شہریوں کیلئے ورزش گاہوں میں ماہرین کی جانب سے مفت رہنمائی کا انتظام بھی کیا گیا تاکہ وہ اپنی صحت اور جسمانی سرگرمی کیلئے مناسب مشقیں کرسکیں۔ انہوں نے گھروں کے سامنے برف جمع ہونے کے مسئلے کے خاتمے اور فٹ پاتھوں سے برف صاف کرنے کے انتظامات کا بھی ذکر کیا۔

انہوں نے سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسی ساگا میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نئی پائپ لائنیں بچھانے اور سیلاب کے مسائل ختم کرنے کیلئے 35 کروڑ ڈالر سے زائد رقم خرچ کی جا رہی ہے۔

کیرولین پیرش نے کہا کہ ان کے دور میں روزگار میں اضافہ ہوا اور عالمی سرمایہ کاری کو راغب کیا گیا۔ ان کے مطابق مسی ساگا میں پہلے سے موجود 5 لاکھ 13 ہزار ملازمتوں کے علاوہ مزید 24 ہزار ملازمتیں عالمی سرمایہ کاری کے ذریعے پیدا ہوئیں۔ انہوں نے تاہم امریکی محصولات کے باعث موجودہ معاشی صورت حال کو مختلف قرار دیا۔

انہوں نے محصولات سے متاثرہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی مدد کیلئے بھی اقدامات کا اعلان کیا۔ ان کے مطابق مسی ساگا کے 18 فیصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار امریکا کے ساتھ تجارت کرتے ہیں اور ان کی تعداد تقریباً 89 ہزار ہے۔

کیرولین پیرش نے کہا کہ بدھ کو سٹی کونسل میں عملے کی جانب سے ایک رپورٹ پیش کی جائے گی جس میں محصولات سے متاثرہ کاروباروں کی مدد کیلئے تجاویز شامل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی ایک کمپنی کو دوسری کمپنیوں پر ترجیح دینے کا تاثر نہیں دیا جاسکتا، اس لیے ان تجاویز کا مکمل قانونی جائزہ بھی لیا جائے گا۔

انہوں نے تجارتی اور صنعتی شعبے کیلئے ترقیاتی چارجز کم کرنے کی تجویز کا بھی ذکر کیا تاکہ مزید فیکٹریاں قائم ہوں اور زیادہ لوگوں کو روزگار ملے۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتی ترقی مسی ساگا کی معیشت کیلئے ایک اہم ترجیح ہوگی۔

کیرولین پیرش نے شہر کے مرکز کی ازسرنو تعمیر کو بھی اپنے آئندہ منصوبوں میں شامل کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسی ساگا کو موسیقی کے شہر کے طور پر مزید آگے بڑھایا جاسکتا ہے، تاہم موجودہ لیونگ آرٹس سینٹر ہر سال تقریباً 20 لاکھ ڈالر کا خسارہ کر رہا ہے جبکہ اس کی مرمت کیلئے تقریباً 12 کروڑ ڈالر درکار ہیں۔

انہوں نے موجودہ موسیقی مرکز کے مغرب میں نیا موسیقی مرکز تعمیر کرنے کا منصوبہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیا مرکز مکمل ہونے کے بعد موجودہ عمارت کو منہدم کردیا جائے گا اور وہاں تقریباً 6 ایکڑ زمین تجارتی اور رہائشی ترقی کیلئے دستیاب ہوگی۔

میئر کے مطابق ایک کمپنی وہاں تقریباً 3 لاکھ مربع فٹ کا کانفرنس مرکز تعمیر کرنا چاہتی ہے، جبکہ ایک اور سرمایہ کار پانچ ستارہ ہوٹل اور ایک اور سرمایہ کار اپارٹمنٹ عمارت تعمیر کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجوزہ نئے موسیقی مرکز میں 2 ہزار 500 نشستیں ہوں گی جنہیں ضرورت پڑنے پر کم کرکے کھڑے ہو کر پروگرام دیکھنے کی گنجائش بڑھائی جاسکے گی اور مرکز کی گنجائش تقریباً 3 ہزار 500 افراد تک پہنچائی جاسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور موسیقی کے بڑے پروگراموں کیلئے یہ مرکز اہم کردار ادا کرے گا۔

کیرولین پیرش نے کہا کہ شہر کے مرکز کی اس ازسرنو تعمیر سے سیاحت کو فروغ ملے گا اور معیشت کو اربوں ڈالر کا فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ ان کے مطابق سیاحت سے حاصل ہونے والی آمدنی میں اضافہ شہریوں کے ٹیکس کے بوجھ کو کم کرنے میں بھی مدد دے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسی ساگا کو آگے بڑھانے کیلئے مختلف سطحوں کی حکومتوں کے ساتھ اچھے تعلقات اور تجربہ ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ حکومت کی مختلف سطحوں پر کام کرچکی ہیں اور جانتی ہیں کہ مختلف اداروں کے ساتھ مل کر مسائل کیسے حل کیے جاتے ہیں۔

کیرولین پیرش نے حامیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ہمسایوں اور دوستوں سے رابطہ کریں اور انتخابی مہم میں مزید ووٹروں کو ساتھ ملائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہر حامی اپنے حلقے سے کم از کم 10 ووٹ بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے تو انتخاب جیتا جاسکتا ہے۔

انہوں نے ممکنہ رائے شماری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ اگلے روز جاری ہونے والی ایک رائے شماری میں ان کی پوزیشن پہلے کے مقابلے میں کچھ بہتر دکھائی دے گی۔

کیرولین پیرش نے سابق ساتھی اسٹیو مہونی کی حمایت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وہ ماضی میں بھی ایک مخصوص امیدوار کے مقابلے میں کھڑے ہوچکے ہیں اور اب ان کی انتخابی مہم کی حمایت کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے پاس مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے بہت سے لوگ موجود ہیں جو ان کی انتخابی مہم میں رضاکارانہ طور پر مدد کررہے ہیں اور وہ ان سب کی شکر گزار ہیں۔

کیرولین پیرش نے اپنی 40 سالہ سیاسی و حکومتی زندگی کو اپنی انتخابی مہم کا اہم اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسی ساگا کے مسائل حل کرنے کیلئے تجربہ، علم اور حکومت کی مختلف سطحوں کے ساتھ مضبوط ورکنگ ریلیشن شپ ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس کام کا تجربہ رکھتی ہیں اور اگر وہ مسئلہ حل نہیں کرسکتیں تو شاید کوئی اور بھی اسے حل نہ کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ وہ مسی ساگا کیلئے گزشتہ 40 برس سے مختلف سطحوں پر کام کرتی رہی ہیں اور اب بھی شہر کی خدمت سے دستبردار نہیں ہوں گی۔ انہوں نے حامیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے اپنے دوستوں کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔