گلگت بلتستان میں کامیاب امیدواروں کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری نہ ہو سکا

گلگت(نمائندہ خصوصی)گلگت بلتستان میں عام انتخابات کے بعد حکومت سازی کا عمل تاخیر کا شکار ہو گیا ہے، جہاں انتخابات کے بارہ روز گزرنے کے باوجود کامیاب امیدواروں کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جا سکا۔

انتخابی ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان میں 7 جون کو ہونے والے انتخابات کے نتائج مکمل ہونے کے باوجود الیکشن کمیشن تاحال کامیاب ارکان کے گزٹ نوٹیفکیشن جاری نہیں کر سکا، جس کے باعث حکومت سازی کا عمل بھی تعطل کا شکار ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کامیاب امیدواروں کے گزٹ نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد ہی مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کا مرحلہ شروع ہوگا، جبکہ اس عمل کی تکمیل کے لیے کم از کم تین روز درکار ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق آئینی تقاضے کے تحت انتخابات کے چودہ روز کے اندر کامیاب امیدواروں کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرنا لازم ہے، جبکہ 21 جون کو یہ آئینی مدت مکمل ہو رہی ہے، جس کے باعث سیاسی حلقوں میں صورتحال پر تشویش پائی جا رہی ہے۔