ہاکی لیجنڈ شہباز احمد سینئر کا سیاست میں آنے کا فیصلہ، فیصل آباد سے الیکشن لڑنے کا اعلان

لاہور (نمائندہ خصوصی)پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور 1994ء میں قومی ٹیم کو عالمی کپ جتوانے والے شہباز احمد سینئر نے سیاست میں آنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وہ آئندہ عام انتخابات میں اپنے آبائی شہر فیصل آباد سے حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق 58 سالہ شہباز احمد سینئر جلد سیاست میں شمولیت اور انتخابی میدان میں اترنے کے حوالے سے باضابطہ اعلان کریں گے، تاہم تاحال انہوں نے کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کا اعلان نہیں کیا۔

شہباز احمد سینئر کا شمار پاکستان اور عالمی ہاکی کے بہترین فارورڈ کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 92 گول کیے اور ان کی قیادت میں پاکستان نے 1994ء میں سڈنی میں ہونے والا ہاکی عالمی کپ جیتا تھا۔ وہ مسلسل 2 عالمی کپ مقابلوں، 1990ء اور 1994ء میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی ہیں۔

حکومت پاکستان نے انہیں ہلالِ امتیاز سے نوازا، جبکہ ان کی برق رفتاری، غیر معمولی ڈربلنگ اور حریف کھلاڑیوں کو چکمہ دینے کی صلاحیت کے باعث انہیں ’’ہاکی کا میراڈونا‘‘ اور ’’مین ود الیکٹرک ہیل‘‘ جیسے القابات دیے گئے۔