ہم کسی بھی تنازع یا کشیدگی میں الجھنا نہیں چاہتے: اماراتی وزارت خارجہ

ابوظبی (نمائندہ خصوصی) متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی تنازع یا کشیدگی میں الجھنا نہیں چاہتا۔عرب میڈیا کے مطابق اماراتی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک اپنی سرزمین پر ہونے والے ایرانی حملوں کے مقابلے میں دفاعی اقدامات کر رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات کسی بھی تنازع یا کشیدگی میں الجھنا نہیں چاہتا تاہم اپنی خود مختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کا اسے مکمل حق حاصل ہے۔ادھر عرب میڈیا کے مطابق ایران نے ایک بار پھر متحدہ عرب امارات پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔

اماراتی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ایران سے آنے والے بیلسٹک اور کروز میزائلوں اور ڈرون حملوں کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے ناکام بنایا جا رہا ہے۔وزارت دفاع کے مطابق فضائی دفاعی نظام کی جانب سے ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کو روکنے کی کارروائی کے دوران مختلف مقامات پر دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔