میڈرڈ(برطانوی میڈیا، یورپی حکام)یورپ کے مختلف ممالک شدید گرمی کی لہر کی زد میں ہیں، جہاں اسپین میں گزشتہ چار روز کے دوران گرمی سے 200 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ کئی علاقوں میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔
برطانیہ میں شدید گرمی کے باعث بیشتر علاقوں کے لیے ریڈ وارننگ کی مدت کل رات تک بڑھا دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ کی ریکارڈ سطح تک پہنچنے کا امکان ہے۔
برطانیہ کے علاقے سرے میں جون کے مہینے کی گرمی کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، جہاں درجہ حرارت 35.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جون 1976 میں یہ درجہ حرارت 35.6 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔
فرانس میں بھی ہیٹ ویو کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 50 ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق گزشتہ 80 برس میں پہلی بار بعض علاقوں میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا، جبکہ دارالحکومت پیرس میں بھی پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
ادھر اٹلی کی حکومت نے شدید گرمی کے پیش نظر ملک کے 16 شہروں میں ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

