یوکرین کے روسی شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں توانائی تنصیبات اور فوجی مقامات پر ڈرون حملے

ماسکو(رائٹرز، تاس)یوکرین کی جانب سے روسی شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں توانائی کی تنصیبات اور فوجی مقامات پر ڈرون حملے کیے گئے ہیں۔سینٹ پیٹرزبرگ کے گورنر کے مطابق یوکرینی ڈرون حملوں کے نتیجے میں بنیادی ڈھانچے کی متعدد تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے، تاہم کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے کئی ڈرون مار گرائے، تاہم بعض ڈرون اپنے اہداف تک پہنچنے میں کامیاب رہے جس سے مختلف مقامات پر نقصان ہوا۔دوسری جانب یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرینی فوج نے سینٹ پیٹرزبرگ کے تیل ٹرمینل اور روس کے تمبوف ریجن میں واقع ایک اسلحہ ساز فیکٹری کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

یوکرینی حکام کے مطابق ان حملوں کا مقصد روسی فوجی صلاحیتوں اور جنگی رسد کے نظام کو نقصان پہنچانا تھا۔روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے دوران دونوں ممالک ایک دوسرے کی توانائی، فوجی اور بنیادی تنصیبات پر حملے کر رہے ہیں، جبکہ حالیہ عرصے میں ڈرون حملوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔