آبنائے ہرمز میں کشیدگی، ایران کا بغیر پائلٹ کشتی تباہ کرنے کا دعویٰ

تہران (خبر ایجنسیاں) ایران نے آبنائے ہرمز میں دشمن کی بغیر پائلٹ کشتی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ اسی علاقے میں دو تیل بردار جہاز بھی بارودی سرنگوں کا نشانہ بن گئے، جن میں آگ بھڑک اٹھی۔

ایرانی بحریہ کے بیان کے مطابق جمعہ کی صبح آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے سے گزرنے والی بغیر پائلٹ کشتی کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی بحریہ کا کہنا ہے کہ اسی علاقے سے گزرنے والے دونوں تیل بردار جہازوں نے اپنے عالمی محل وقوع کے تعین کا نظام بند کر رکھا تھا اور ممنوعہ علاقے سے گزر رہے تھے۔

عمان کی بحریہ نے آگ لگنے والے ایک جہاز سے 25 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔ عمانی بحریہ کے مطابق پاناما کا پرچم بردار یہ جہاز عمان کے شمالی سمندری علاقے سے گزر رہا تھا۔

دوسری جانب امریکی فوج نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے مکمل طور پر پاک کردیا گیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر کا کہنا ہے کہ اب بحری جہاز آبنائے ہرمز سے بلا روک ٹوک گزر رہے ہیں۔