اسرائیلی انتخابات میں مبینہ بیرونی مداخلت، موساد نے بھی تحقیقات شروع کردیں

تل ابیب (خبر ایجنسیاں) اسرائیل کے حالیہ انتخابات میں مبینہ غیر ملکی مداخلت کی تحقیقات میں خفیہ ایجنسی موساد بھی شامل ہوگئی ہے، جو داخلی سلامتی کے ادارے شین بیٹ کے ساتھ مل کر معاملے کا جائزہ لے رہی ہے۔

اسرائیلی ٹیلی ویژن چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق تحقیقات کا دائرہ صرف قطر تک محدود نہیں، بلکہ شبہ ہے کہ دیگر ممالک بھی مبینہ مداخلت میں ملوث ہوسکتے ہیں۔ الزامات کے مطابق عرب ووٹروں کو منگل کے روز پولنگ اسٹیشنوں پر بڑی تعداد میں پہنچنے کے لیے رقم دینے کی کوشش کی گئی تھی۔

اسرائیلی ویب سائٹ وائی نیٹ کے مطابق حکام قطر اور ترکی کی جانب سے مبینہ طور پر انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے کی کوششوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔دوسری جانب قطر اور ترکی نے اسرائیلی انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوششوں میں ملوث ہونے کے الزامات مسترد کردیے ہیں۔

اس سے قبل اسرائیل کے مرکزی انتخابی کمیشن نے متعدد بار واضح کیا تھا کہ تحقیقات کا دائرہ محدود ہے اور منگل کو ہونے والے انتخابات کے نتائج مشکوک نہیں ہیں۔ کمیشن نے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات کو بھی بے بنیاد قرار دیا ہے۔