یروشلم (خبر ایجنسیاں) اسرائیل میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے کے صرف ایک ماہ بعد جمہوریہ چیک کی سفارتکار کلارا شنائیڈرووا ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگئیں۔
اسرائیل کے شہر یروشلم میں منی بس کی ٹکر سے چیک سفارتخانے کے برانچ دفتر کی سربراہ 30 سالہ کلارا شنائیڈرووا شدید زخمی ہوگئیں۔ جمہوریہ چیک کے سفارتخانے کے مطابق حادثہ جمعرات کو شہر کے معروف علاقے یہودا مارکیٹ کے قریب پیش آیا، جہاں منی بس کا ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھ کر سفارتکار سے ٹکرا گئی۔
اسرائیلی پولیس نے ڈرائیور کو جائے حادثہ سے حراست میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔امدادی حکام کے مطابق کلارا شنائیڈرووا کو متعدد شدید چوٹیں آئی تھیں۔ انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق کلارا شنائیڈرووا نے ایک ماہ قبل ہی اسرائیل میں اپنی نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ انہوں نے بچپن کا کچھ عرصہ بھی اسرائیل میں گزارا تھا، جبکہ ان کے والد 1990ء کی دہائی کے آخری برسوں میں اسرائیل میں جمہوریہ چیک کے سفیر رہ چکے تھے۔

