مولانا کی تقریر میں بعض الفاظ سے گریز بہتر تھا، جواب میں حملے بھی نامناسب ہیں: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مولانا صاحب کی تقریر میں بعض الفاظ ادا نہ کیے جاتے تو بہتر تھا، تاہم ان کی تقریر کے جواب میں جس انداز سے حملے کیے گئے وہ بھی نامناسب ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بیرونی انتشار کا پوری قوم مل کر مقابلہ کرتی ہے، لیکن اندرونی انتشار ملک کو زیادہ نقصان پہنچاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کشیدگی بڑھانے کے بجائے سیاسی رہنماؤں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ملک میں تناؤ پہلے ہی بہت بڑھ چکا ہے، اس لیے مزید کشیدگی سے گریز کیا جانا چاہیے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم سرخ لکیر عبور کرنے والے نہیں، ہمارا مؤقف ہے کہ پاکستان پہلے اور ریاست پہلے ہے۔ سیاسی قیادت اور جمہوریت کو نقصان پہنچانے والے اقدامات سے بھی گریز کرنا چاہیے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کیلئے حکومت اور اپوزیشن کی نمائندگی برابر ہونی چاہیے، جبکہ اصلاحات غیر جانبدار اور عوامی امنگوں کے مطابق ہونی چاہئیں۔