مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں آج میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں پولنگ ہوگی۔
انتخابات کیلئےپولنگ کا سامان متعلقہ حلقوں میں پہنچا دیا گیا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، استحکامِ پاکستان پارٹی، آزاد امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 296 امیدوار میدان میں ہیں۔ انتخابی عمل کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور پُرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ریاستی ادارے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ انتخابی عمل میں خلل ڈالنے یا امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

