پشاور (خبر ایجنسیاں) خیبر پختونخوا کے وزیر قانون آفتاب عالم آفریدی ایڈووکیٹ نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو غیر قانونی کان کنی کے الزامات عائد کرنے پر 10 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ گورنر نے آفتاب عالم پر کوہاٹ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی اور جرائم پیشہ گروہوں سے تعلق کے الزامات عائد کیے، جو بے بنیاد، جھوٹے اور ہتک آمیز ہیں۔نوٹس میں گورنر سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ الزامات فوری طور پر واپس لیں، غیر مشروط عوامی معافی مانگیں اور آفتاب عالم کی ساکھ کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لیے 10 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کریں۔
قانونی نوٹس کے مطابق گورنر کو مطالبات پر عمل درآمد اور تحریری جواب دینے کے لیے 14 دن کی مہلت دی گئی ہے۔ بصورت دیگر آفتاب عالم نے ہتک عزت اور ہرجانے کی وصولی کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کا حق محفوظ رکھا ہے۔نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ الزامات کے باعث آفتاب عالم کی عزت، سماجی حیثیت اور ذاتی و خاندانی زندگی متاثر ہوئی ہے۔

