بین الاقوامی زیرِ سمندر انٹرنیٹ کیبل کی جاری مرمت 6 دسمبر تک مکمل ہونے کا امکان

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) پاکستان میں انٹرنیٹ کی سست رفتاری کا سبب بننے والی بین الاقوامی زیرِ سمندر کیبل کی مرمت کا کام جاری ہے، جسے 6 دسمبر تک مکمل کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس نے صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ متاثرہ کیبل کی مرمت کے لیے تکنیکی کارروائیاں جاری ہیں۔ مرمت مکمل ہونے تک صارفین کو بالخصوص مصروف اوقات میں انٹرنیٹ کی رفتار سست رہنے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق زیرِ سمندر بین الاقوامی کیبل سسٹم ایس ایم ڈبلیو فائیو میں خرابی پاکستان کے ساحل سے تقریباً 11 کلومیٹر دور سامنے آئی تھی، جس کے باعث انٹرنیٹ کنکشن میں تعطل اور سروس کے معیار میں کمی کا خدشہ پیدا ہوا۔

ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس نے انٹرنیٹ کی فراہمی برقرار رکھنے کے لیے متبادل بین الاقوامی رابطوں کے ذریعے ڈیٹا کی ترسیل کا انتظام کیا ہے، تاہم مرمت مکمل ہونے تک انٹرنیٹ صارفین کو مشکلات کا سامنا رہنے کا امکان ہے۔