سانتا کلارا (رائٹرز، خبر ایجنسیاں)امریکی ٹیکنالوجی کمپنی اینویڈیا نے اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے متفقہ فیصلے کے بعد شریک بانی جینسن ہوانگ کو دوبارہ کمپنی کا صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کردیا۔ ان کی بحالی فوری طور پر نافذ العمل ہوگئی ہے۔
کمپنی کے مطابق بورڈ نے جینسن ہوانگ سے متعدد ملاقاتوں اور بات چیت کے بعد ان کی واپسی کا فیصلہ کیا۔ بورڈ کو ان کی وضاحتوں اور کمپنی کی قیادت کرنے کی صلاحیت پر اطمینان ہوا، جبکہ امریکی حکومت کے اعلیٰ حکام سے بھی اس معاملے پر رائے لی گئی۔ بورڈ نے کہا کہ ہوانگ کی واپسی سے قومی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں۔
جینسن ہوانگ نے 12 نومبر کو ذاتی معاملات سے متعلق سامنے آنے والی خبروں کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد کمپنی کی مالیاتی سربراہ کولیٹ کریس کو عبوری چیف ایگزیکٹو مقرر کیا گیا تھا۔ ہوانگ کی واپسی کے بعد کولیٹ کریس مالیاتی سربراہ کی ذمہ داریاں جاری رکھیں گی۔
اینویڈیا کے بورڈ کے چیئرمین ہاروی جونز نے کہا کہ بورڈ کا یقین ہے کہ جینسن ہوانگ کمپنی کی قیادت کے لیے موزوں ترین شخصیت ہیں اور ان کی واپسی حصص یافتگان، ملازمین، شراکت داروں اور صارفین کے مفاد میں ہے۔
جینسن ہوانگ نے دوبارہ ذمہ داری سنبھالنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بورڈ، ملازمین اور شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ نئی ذمہ داری پوری عاجزی اور نئے عزم کے ساتھ نبھائیں گے۔
کمپنی کے بورڈ نے ہوانگ سے متعلق غیر ملکی انٹیلی جنس سرگرمیوں کے ممکنہ معاملے کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی کا کام جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

