کراچی ( خبر ایجنسیاں) معروف پاکستانی پاپ گلوکار اور موسیقار محسن رضا خان المعروف بنی 74 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔
ان کے قریبی دوست ڈاکٹر شفقت علی کے مطابق بنی پیر کی صبح فجر سے قبل انتقال کرگئے۔ انہیں کراچی کے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی وفات کی تصدیق کی۔ ان کی میت چھیپا کے سرد خانے منتقل کردی گئی۔
بنی نے 1980ء کی دہائی کے آخری برسوں اور 1990ء کی دہائی میں اپنے مقبول گیتوں ’’دل میں تم‘‘، ’’دیوانہ‘‘، ’’آ بھی جا‘‘ اور ’’بھنگڑا از کنگ‘‘ کے ذریعے شہرت حاصل کی۔ ان کا گیت ’’دل میں تم‘‘ نومبر 1989ء میں ریلیز ہوا اور ان کی پہچان بن گیا۔
محسن رضا خان نے 1973ء میں لاہور کے ایک موسیقی کے بینڈ میں شمولیت کے ساتھ اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔ بعدازاں انہوں نے یورپ کے مختلف ممالک میں بھی موسیقی کے پروگراموں میں حصہ لیا اور پاکستان واپسی پر اپنے البم کی تیاری شروع کی۔
بنی نے گلوکاری کے ساتھ کراچی میں اپنا ریکارڈنگ اسٹوڈیو بھی قائم کیا، جہاں انہوں نے نئے موسیقاروں اور گلوکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔ ان کے دیگر معروف گیتوں میں ’’زخمی جگر‘‘، ’’پہلا پیار‘‘ اور ’’راستہ نیا‘‘ شامل ہیں۔

