اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) اسلام آباد کی عدالت نے کمسن گھریلو ملازمہ فاطمہ اصغر ہلاکت کیس میں ملزمان کے خلاف کم عمر بچوں سے مشقت لینے اور استحصال سے متعلق قانون کی دفعہ 3 سمیت بچوں پر تشدد اور کم عمر بچوں کو بے سہارا چھوڑنے سے متعلق دفعات شامل کرنے کا حکم دے دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نائمہ عفت نے ملزمان افشاں علی اور قاری علی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں 26 نومبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔دوران سماعت تفتیشی افسر نے بتایا کہ نادرا کے ریکارڈ کے مطابق فاطمہ کی عمر 11 سال 11 ماہ تھی۔ اس سے قبل بچی کی عمر 13 سال بتائی گئی تھی۔
عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ بچی کے ملزم خاندان کے ساتھ تعلق، اسے گھر میں رکھنے کے مقصد، اس سے گھریلو کام لینے اور کسی مالی لین دین سمیت تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جائیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ ملزمہ کے شوہر، گھر کے دیگر ملازمین اور پڑوسیوں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جائیں تاکہ معلوم ہوسکے کہ بچی سے مشقت تو نہیں لی جارہی تھی۔ اس کے علاوہ ملزمہ کے شوہر کے کردار اور بچی کو تقریباً تین سال تک سرکاری رہائش گاہ میں رکھنے کی وجوہات کا بھی تعین کیا جائے۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کے شوہر، جو ایف آئی اے افسر ہیں، نے تفتیش میں شمولیت اختیار کرلی ہے جبکہ گھر کے دیگر ملازمین کے بیانات بھی قلمبند کرلیے گئے ہیں۔ دونوں ملزمان کے فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ بھی کرائے گئے ہیں۔
عدالت کو بتایا گیا کہ ڈی وی آر کی تصدیق قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے نے کردی ہے۔ عدالت نے متعلقہ سی سی ٹی وی فوٹیج کا مکمل متن تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر نئی دفعات شامل کرنے سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کرنے کا حکم دیا۔ ملزمان کو 26 نومبر کو دوبارہ پیش کیا جائیگا۔

